پروٹیز کو اینٹ کا جواب پتھر سے دینے کی تیاری

’’دوسرا ‘‘ اب بھی کارآمد ہے، کارکردگی خراب نہیں ہوئی (اسپنر)بیٹسمینوں کی خصوصی مشقوں کا سلسلہ جاری


Sports Reporter October 02, 2013
لاہور : قومی کرکٹ کیمپ کے دوران پلیئرز کپتان مصباح الحق کی ہدایات بغور سن رہے ہیں۔ فوٹو: محمود قریشی

پاکستان نے پروٹیز کو اینٹ کا جواب پتھر سے دینے کی تیاری کر لی، گذشتہ سیریز میں فاسٹ پچز پر شکار ہونے والی ٹیم نے یو اے ای کی ہوم سیریز میں اسپن جال بچھانے کا منصوبہ بنا لیا۔

اسٹار اسپنر سعید اجمل نے حریف بیٹسمینوں کو تگنی کا ناچ نچانے پر نظریں جما لی ہیں، ان کے مطابق مخصوص گیند ''دوسرا '' اب بھی کارآمد ہے، ان کی کارکردگی خراب نہیں ہوئی۔ دوسری جانب میزبان بیٹسمینوں کی تربیتی کیمپ میں خصوصی پریکٹس کا سلسلہ جاری ہے، بدھ سے سہ روزہ میچ میں تیاریوں کو جانچا جائے گا۔ ٹاپ آرڈر کی ناکامی کے خدشات پر فکرمندی میں مبتلا کوچ ڈیواٹمور نے تمام اہم بیٹسمینوں کو اپنی نگرانی میں بھرپور مشقیں کرائیں، مصباح الحق، احمد شہزاد اور فیصل اقبال نے طویل سیشن کے بعد دوسرے نیٹ کا رخ کیا، یونس خان بائونسرز پر خصوصی پریکٹس کرتے رہے، اسد شفیق اور عمر اکمل نے بولنگ مشین کے بعد ماربل کے تختے سے پھسل کر آنے والی تیز گیندوں کا بھی سامنا کیا۔



وارم اپ میچ میں چیف منسٹر الیون کی قیادت مصباح الحق کریں گے، چیئرمین پی سی بی الیون کی کمان عمر امین کے ہاتھوں میں ہوگی۔ ایک روز تاخیر سے کیمپ میں شامل ہونے والے سعید اجمل کا کہنا ہے کہ پاکستان نے گذشتہ سال متحدہ عرب امارات میں اس وقت کی عالمی نمبر ون ٹیسٹ ٹیم انگلینڈ کو کلین سوئپ کیا تھا، اب موجودہ سپر پاور جنوبی افریقہ کے خلاف بھی ویسی ہی کارکردگی دہرانے کی کوشش کریں گے، واضح رہے کہ انگلش ٹیم کے خلاف تین ٹیسٹ کی سیریز میں سعید اجمل 24 وکٹیں حاصل کر کے مین آف دی سیریز قرار پائے تھے، ان کی خواہش ہے کہ جنوبی افریقہ کے خلاف بھی یہی اعزاز حاصل کریں۔ انہوں نے کہا کہ ٹیم سیریز کی اہمیت سے بخوبی آگاہ اور بھرپور تیاری کی جا رہی ہے، یقین ہے کہ دونوں ٹیسٹ میں کارکردگی اچھی رہے گی، پاکستانی بولنگ اٹیک حریف کی 20 وکٹیں حاصل کرنے کی اہلیت رکھتا ہے، انھوں نے کہا کہ گذشتہ 3 برسوں سے یہی ٹیم میچز جیت رہی ہے، لہذا صرف ایک شکست کے بعد اس کے بارے میں منفی رائے قائم کرلینا درست نہیں۔

سعید اجمل نے کہاکہ کسی نئی ورائٹی کا نہیں سوچ رہا، 70 فیصد وکٹیں 'دوسرا' سے حاصل کی ہیں اور یہ مخصوص گیند اب بھی کارآمد ہے، میں اب بھی خود کو ایک موثر بولر سمجھتا اور کھیل سے مطمئن ہیں۔ انھوں نے کہا کہ اگر بیٹسمین میری بولنگ کو سمجھنے کیلیے کام کرتے ہیں تو میں بھی ان کے توڑ کے لیے آرام سے نہیں بیٹھتا بلکہ مختلف ورائٹیز کے ذریعے کامیابی حاصل کرنے کی کوشش میں لگے رہتا ہوں۔ سعید اجمل نے کہا کہ رواں سال 5 ٹیسٹ میچز میں 25 وکٹیں حاصل کرچکا،ون ڈے انٹرنیشنل میں وکٹوں کی تعداد 37 ہے، اس کارکردگی کو کون خراب کہے گا؟انھوں نے کہا کہ کپتان مصباح الحق کی جانب سے ضرورت سے زیادہ اعتماد کرنے سے میں خود پر کوئی دباؤ محسوس نہیں کرتا۔