ڈومیسٹک سیزن پی سی بی نے کھلاڑیوں کو مشکل میں ڈال دیا

مختلف نوعیت کے مقابلے بیک وقت شروع کرنے کا فیصلہ،23 اکتوبر کو قائد اعظم ٹرافی سے آغاز،پریذیڈنٹ ٹرافی بھی ہوگی


Sports Reporter October 02, 2013
23 اکتوبر کو قائد اعظم ٹرافی سے آغاز،پریذیڈنٹ ٹرافی بھی ہوگی۔ فوٹو: فائل

KARACHI: نئے ڈومیسٹک کرکٹ سیزن کا23 اکتوبر کو قائد اعظم ٹرافی سے آغاز ہو گا،2گروپس میں تقسیم 14 ٹیمیں مجموعی طور پر 28جنوری تک 61 میچز کھیلیں گی۔

ریجنز ون ڈے کپ پریذیڈنٹ ٹرافی، پریذیڈنٹ ون ڈے کپ، انٹر ریجن انڈر19 تین روزہ اور ون ڈے کپ کے مقابلے بھی آئندہ ماہ بیک وقت جاری رہیں گے، ریجنل ٹوئنٹی 20 ٹورنامنٹ 20 نومبر سے شروع ہو گا، ڈپارٹمنٹس کا ایونٹ فروری میں شیڈول کیا گیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان کرکٹ بورڈ نے ڈومیسٹک سیزن میں مختلف نوعیت کے مقابلے بیک وقت شروع کرانے کا فیصلہ کرتے ہوئے نہ صرف کھلاڑیوں کو مشکل میں ڈال دیا بلکہ اپنے لیے انتظامی مسائل بھی پیدا کر لیے ہیں۔



پی سی بی کی پریس ریلیز کے مطابق قائد اعظم ٹرافی23 اکتوبر سے 28 جنوری تک جاری رہے گی،2 گروپس میں تقسیم 14 ٹیموں کو61 میچز میں شریک ہونا ہے۔ پریذیڈنٹ ٹرافی کے مقابلے بھی ساتھ ہی شروع ہو کر11 فروری تک مکمل ہونگے، 11ٹیمیں سنگل لیگ کی بنیاد پر56 میچز کھیلیں گی، ریجنل ون ڈے کپ 28 اکتوبر سے یکم جنوری تک شیڈول کیا گیا ہے، 2 گروپس میں تقسیم کی جانے والی14 ٹیموں کا ایونٹ 45 مقابلوں پر مشتمل ہو گا، ساتھ ہی پریذیڈنٹ کپ کا ون ڈے ٹورنامنٹ بھی 4 فروری تک جاری رہے گا، 11 ٹیمیں سنگل لیگ کی بنیاد پر 56 مقابلوں کا حصہ بنیں گی، انٹر ریجن انڈر 19 تین روزہ ٹورنامنٹ کے مقابلے 26 اکتوبر سے 9 دسمبر تک رکھے گئے ہیں۔

23 ٹیموں کو 4 گروپس میں تقسیم کرکے مجموعی طور پر 58 میچ کرائے جائینگے، اسی ایج گروپ کے 58 ون ڈے مقابلے 30 اکتوبر سے 13 دسمبر تک جاری رہنے ہیں، ریجنز کے مابین قومی ٹوئنٹی 20 ٹورنامنٹ کیلیے 17 ٹیموں کو 4 گروپس میں تقسیم کر کے 35 مقابلے کرائے جائینگے، عوام میں بیحد مقبول ڈومیسٹک ایونٹ 20 سے 29 نومبر تک توجہ کا مرکز ہو گا۔ اسی فارمیٹ میں ڈپارٹمنٹس کا ٹورنامنٹ 18 سے 24 فروری تک شیڈول کیا گیا ہے، 2 گروپس میں تقسیم 11 ٹیمیں 28 مقابلوں میں برتری کی جنگ لڑیں گی، پیٹرنز ٹرافی گریڈ ٹو کے مقابلے یکم سے 31 مارچ تک مکمل کیے جائینگے، 24 ٹیموں کو 4 گروپس میں تقسیم کرکے مجموعی طور پر 63 میچز کرائے جائینگے۔