کالعدم تنظیموں پر قربانی کی کھالیں جمع کرنیکی پابندی عائد

عید الا ضحی پر صرف رجسٹرڈ فلاحی تنظیمیں،ادارے اور مدارس کھالیں جمع کرسکیں گے۔


Staff Reporter October 03, 2013
عید قربان پر جبراً کھال وصول کرنے پر دہشت گردی ایکٹ کے تحت مقدمہ درج ہوگا. فوٹو: فائل

محکمہ داخلہ سندھ نے عیدالاضحی پر قربانی کی کھالیں جمع کرنے کے حوالے سے ضابطہ اخلاق کو حتمی شکل دیدی، عیدالاضحی کے تینوں ایام میں صرف ان رجسٹرڈ فلاحی تنظیموں ، اداروں اور مدارس کو کھالیں جمع کرنے کی اجازت ہوگی جن کو محکمہ داخلہ یا متعلقہ ڈپٹی کمشنرز خصوصی اجازت نامے جاری کریں گے۔

ذرائع کے مطابق محکمہ داخلہ نے عیدالاضحی پر کھالیں جمع کرنے کے حوالے سے ضابطہ اخلاق کو حتمی شکل دے دی ہے جس کا باضابطہ اعلان چند روز میں کیا جائے گا،عیدالاضحی کے تینوں ایام میں اجازت نامہ حاصل کرنے والی تنظیموں پر یہ لازم ہوگا کہ ان کے رضا کار کھالیں جمع کرنے کے موقع پر اپنا اصل قومی شناختی کارڈ متعلقہ ادارے یا تنظیم کا کارڈ اور محکمہ داخلہ یا ڈپٹی کمشنر کاجاری کردہ اجازت نامہ اپنے ہمراہ رکھیں، کراچی سمیت صوبے بھر میں کھالیں جمع کرنے کے لیے شاہراہوں یا علاقوں میں کیمپ لگانے اور لاؤڈ اسپیکر کے استعمال کی اجازت نہیں ہوگی اور نہ ہی کوئی تنظیم یا ادارہ عیدالاضحی سے قبل کسی فرد کو کھالیں وصول کرنے کی پرچیاں دے گا،کسی تنظیم یا ادارے کو جبراً کھال وصول کرنے کی اجازت نہیں ہو گی۔



اگر کسی نے زبردستی کھال وصول کرنے کی کوشش کی تو اس کے خلاف انسداد دہشت گردی ایکٹ کے تحت مقدمات درج کیے جائیں گے،کھالیں جمع کرنے کے حوالے سے تمام فلاحی تنظیمیں اور ادارے 15اکتوبر سے قبل متعلقہ ڈپٹی کمشنر یا محکمہ داخلہ سے اجازت نامہ حاصل کریں گے،عیدالاضحی پر کھالیں جمع کرنے کے ضابطہ اخلاق پر عمل درآمد کے لیے پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کو ہدایات جاری کردی گئی ہیں قانون نافذ کرنے والوں کو ہدایات کی گئی ہیں کہ عیدالاضحی کے تینوں ایام میں کالعدم تنظیموں پر خصوصی نگاہ رکھی جائے اور یہ بات یقینی بنائی جائے کہ کوئی کالعدم تنظیم نام بدل کر کھال وصول نہ کرے،عیدالاضحی پر لائسنس یافتہ اسلحہ لے کر چلنے پر بھی پابندی عائد ہوگی۔