گلستان جوہر میں 3دوستوں کی ہلاکت کا معمہ حل نہ ہوسکا

پیمان کی ہلاکت کے بعد مالی مشکلات کا شکار ہوگئے ہیں، بھائی غلام مصطفی


Staff Reporter October 03, 2013
پولیس سہیل احمد کے قاتلوں کے بارے میں کچھ معلوم نہیں کر سکی،عمر زمان ۔فوٹو : فائل

گلستان جوہر میں 3 دوستوں کی ہلاکت کا معمہ حل نہ ہوسکا ، واقعے میں ہلاک ہونے والا 25 سالہ پیمان احمد گھر کا واحد کفیل تھا جبکہ گھر بھی کرایے کا ہے جس کی وجہ سے اہل خانہ سخت مالی مشکلات میں گھرگئے ۔

تفصیلات کے مطابق پیر کو گلستان جوہر میں کار سے 3 افراد کی لاشیں ملی تھیں جنھیں نامعلوم ملزمان نے اغوا کے بعد بدترین تشدد کا نشانہ بنایا اور فائرنگ کرکے ہلاک کردیا ، بعدازاں مقتولین کی شناخت پیمان احمد ، افضل خان اور سہیل احمد کے نام سے ہوئی تھی ، ہلاک ہونے والا پیمان احمد گھر کا واحد کفیل تھا ، مقتول کے بھائی غلام مصطفی نے بتایا کہ وہ کرائے کے گھر میں رہائش پذیر ہیں جبکہ ان کا بھائی ہی گھر کا واحد کفیل تھا ، والد ضعیف العمر ہونے کی وجہ سے گھر پر ہی رہتے ہیں ، پیمان کی ہلاکت کے بعد وہ سخت مالی مشکلات کا شکار ہوگئے ہیں ۔



ان کا بھائی اتوارکی شام کو گھر سے نکلا تھا جس کے بعد وہ لاپتہ ہوگیا ، ہلاکت کے بعد جب انھوں نے اپنے بھائی کے دوستوں سے معلومات حاصل کی تو انھوں نے بتایا کہ ان کے بھائی کو آخری مرتبہ اسٹار گیٹ کے قریب ہی اس کے دیگر دو دوستوں افضل اور سہیل کے ساتھ دیکھا گیا تھا ، اس کے بھائی کا موبائل فون بھی نہیں مل سکا ، انھیں کچھ نہیں پتہ کہ ظالموں نے ان سے ان کا بھائی کیوں چھین لیا ، علاوہ ازیں ہلاک ہونے والے سہیل احمد کے بھائی عمر زمان نے ایکسپریس سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ان کے بھائی کے قاتلوں کے بارے میں کچھ پتہ نہیں چل سکا اور تینوں دوستوں کی ہلاکت کا معمہ اب تک حل نہیں کیا جاسکا ہے۔