شاہراہ پاکستان کے 2 فلائی اوورز سے ٹریفک کی روانی بہتر ہوئی ثاقب سومرو

فلائی اوورزکادوسرا ٹریک جلد مکمل ہوگا، ٹریفک سگنل فری ہوجائیگا، ڈاکخانہ اور تین ہٹی فلائی اوورز کا تعمیراتی کام...


Staff Reporter October 03, 2013
فلائی اوورزکادوسرا ٹریک جلد مکمل ہوگا، ٹریفک سگنل فری ہوجائیگا، ڈاکخانہ اور تین ہٹی فلائی اوورز کا تعمیراتی کام تکمیل کے آخری مراحل میں ہے، ثاقب سومرو فوٹو: فائل

بلدیہ عظمیٰ کراچی کے ایڈمنسٹریٹر ثاقب احمد سومرو نے کہا ہے کہ شاہراہ پاکستان پر زیر تعمیر واٹر پمپ فلائی اوور اور عائشہ منزل فلائی اوورکا ایک ٹریک ٹریفک کے لیے کھلنے سے یہاں سے گزرنے والی ٹریفک کو کافی سہولت ہوئی ہے۔

ٹریفک کے لیے کھولے گئے ٹریک پر لائٹننگ، مارکنگ اور کیٹ آئیز کی تنصیب کا کام ترجیحی بنیادوں پر مکمل کیا جائے، دوسرے ٹریک کا تعمیراتی کام بھی تیزی سے جاری ہے جسے کم سے کم وقت میں مکمل کرنے کی کوشش کی جارہی ہے، یہ بات انھوں نے شاہراہ پاکستان کے چارانٹر سیکشنزپر زیر تعمیر فلائی اوورز پر کام کی پیش رفت کا جائزہ لینے کے لیے منعقد ہونے والے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہی، اس موقع پر ڈائریکٹر جنرل محکمہ انجینئرنگ نیاز احمد سومرو، چیف انجینئر خالد مسرور، پروجیکٹ ڈائریکٹر شبیہہ الحسن زیدی اور دیگر متعلقہ پروجیکٹ ڈائریکٹرز بھی موجود تھے۔



ایڈمنسٹریٹر کراچی ثاقب احمد سومرو نے اس موقع پر اجلاس کے دوران ڈاکخانہ اور تین ہٹی فلائی اوورز کے تعمیراتی کام کے حوالے سے افسران سے معلومات حاصل کیں اور ان دونوں فلائی اوورز کی جلد از جلد تکمیل کے لیے ہدایات دیں، انھوں نے کہا کہ ڈاکخانہ فلائی اوور اور تین ہٹی فلائی اوور کا تعمیراتی کام بھی تیزی سے جاری ہے اور پہلے ٹریک کی کارپیٹنگ کا کام جلد شروع کیا جا رہا ہے ہماری بھرپور کوشش ہے کہ شاہراہ پاکستان پر زیر تعمیر چاروں فلائی اوورز کے تعمیراتی کام کو جلد از جلد مکمل کرلیا جائے جبکہ پہلے مرحلے میں سہراب گوٹھ سے تین ہٹی تک تینوں فلائی اوورز کے ایک ٹریک کو کھولنے سے شاہراہ پاکستان کا ایک ٹریک سگنل فری ہوجائے گا۔