ہاکی پاکستان نے ملائیشیا کو دورے کی دعوت دے دی

کھلاڑیوں کو ہوم گرائونڈز پر مقابلوں میں پریکٹس کا اچھا موقع مل سکے گا


Sports Reporter October 04, 2013
دیگر ٹیموں کو بھی بلائیں گے ، مکمل سہولیات فراہم کرینگے، رانا مجاہد۔ فوٹو: فائل

پاکستان ہاکی فیڈریشن نے ملائیشیا کو دورے کی دعوت دیدی تاکہ کھلاڑیوں کو ہوم گرائونڈز پر مقابلوں میں پریکٹس کا اچھا موقع مل سکے، یہ اعلان سیکریٹری اولمپئن رانا مجاہد علی نے کیا۔

نیشنل ہاکی اسٹیڈیم لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ جونیئر ورلڈ کپ کی تیاری کیلیے پی ایچ ایف نے ملائیشیا اور دیگر ٹیموں کو پاکستان آ کر کھیلنے کی دعوت دی ہے، میگا ایونٹ سے قبل سیریز کیلیے مختلف فیڈریشنز کے ساتھ بات چیت چل رہی ہے، جو کوئی ٹیم بھی پاکستان آ کر کھیلنا چاہے گی اسے مکمل سہولیات فراہم کریں گے۔ انھوں نے کہا کہ قومی سینئر اور جونیئر ٹیموں کی کارکردگی کی ذمہ داری کھلاڑیوں اور مینجمنٹ پر ہے، فیڈریشن کا کام انھیں انتظامی سہولیات اور ہر ممکن وسائل فراہم کرنا ہے۔ ایشیا کپ میں قومی ہاکی ٹیم کی کارکردگی کا جائزہ لینے کیلیے بنائی جانے والی فیکٹ فائنڈنگ کمیٹی نے اپنی رپورٹ فیڈریشن کے پاس جمع کرا دی، تاہم اس کے سامنے آنے سے قبل ہی بعض تبدیلیاں آ چکی تھیں جو اس رپورٹ کے نتائج کی رو سے بھی موزوں رہیں۔



رانا مجاہد نے کہا کہ انتخابات مقرر کردہ الیکشن کمیشن کو کرانا ہیں جس کے عہدیداروں سے میری ابھی کوئی ملاقات نہیں ہوئی تاہم حتمی فیصلے انہی کوکرنا ہیں، رانا مجاہد نے کہا کہ مخالفین بے بنیاد اعتراضات اٹھا رہے ہیں تمام فریقین انتخابات کے بارے میں مطمئن ہیں، وزیر اعظم پاکستان ہمارے چیف پیٹرن جبکہ فیڈریشن کی جنرل کونسل کا بااختیار ہاؤس کسی بھی معاملے پراپنا حق استعمال کرسکتا ہے۔ نوید عالم کی جانب سے پی ایچ ایف کے انتخابات نہ ہونے دینے کی دھمکی کے بارے میں سیکریٹری پی ایچ ایف نے کہا کہ سابق اولمپئن ایک طاقتور آدمی، ہم کمزور لوگ ہیں، ویسے بھی ان کو حقائق کے بارے میں معلوم نہیں ہے، وہ اس کے علاوہ بھی بہت کچھ کہتے ہیں مگر ضروری نہیں کہ ان کی ہر بات پر عمل کیا جائے،نوید عالم کی کوچنگ میں ٹیم ساتویں نمبر پر آئی تھی، ان کی جانب سے تیسری پوزیشن حاصل کرنے والے اسکواڈ پر تنقید سمجھ سے بالاتر ہے۔