کراچی میں موسلا دھار بارش کرنٹ لگنے سے 6 افراد جاں بحق

دو افراد سائٹ جامعہ بنوریہ سے گزر رہے تھے کہ کے الیکٹرک کا تار ٹوٹ کر ان پر جاگرا


ویب ڈیسک September 27, 2019
دو افراد سائٹ جامعہ بنوریہ سے گزر رہے تھے کہ کے الیکٹرک کا تار ٹوٹ کر ان پر جاگرا (فوٹو:ٹوئٹر)

شہر قائد میں تیز ہواؤں اور موسلا دھار بارش کے باعث کرنٹ لگنے کے واقعات پیش آئے نتیجے میں 6 افراد جاں بحق ہوگئے۔

ایکسپریس کے مطابق شہر کے مختلف علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ تیز بارش ہوئی جس کے سبب نشیبی علاقے زیر آب گئے۔ کئی علاقوں میں جگہ جگہ پانی کھڑا ہوگیا اور تالاب کا منظر پیش کرنے لگے۔ پانی کھڑا ہونے کی وجہ سے متعدد سڑکوں پر شدید ٹریفک جام ہوگیا۔

سائٹ کے علاقے میں جامعہ بنوریہ کے قریب کرنٹ لگنے سے 2 افراد جاں بحق ہوگئے ہیں۔ ہلاک افراد کی شناخت 45 سالہ عبدالمنان اور 35سالہ عبدالرؤف کے نام سے ہوئی۔ یہ دونوں افراد جامعہ بنوریہ کے قریب سے گزر رہے تھے کہ کے الیکٹرک کی پی ایم ٹی کی تار ٹوٹ کر ان پر گر گئی۔

گلبرگ کے علاقے موسیٰ کالونی میں گھر کے اندر کرنٹ لگنے سے 2 سگے بھائی جاں بحق ہوگئے۔ اس حوالے سے ایس ایچ او گلبرگ انسپکٹر رافع تنولی نے بتایا کہ متوفین کی شناخت 14 سالہ سلیم اور 11 سالہ جاوید ولد شاہ عمر کے نام سے ہوئی جن کی لاشیں ورثا نے ایدھی سرد خانے میں رکھوا دی ہیں۔

انھوں ںے بتایا کہ موسلا دھار بارش کی وجہ متوفین کے گھر میں چار فٹ سے زائد پانی بھر گیا تھا جس کی وجہ سے تمام اہلخانہ گھر کے باہر آگئے تھے ، دونوں بھائی سہ پہر ساڑھے چار بجے کے قریب گھر سے پانی نکالنے کے لیے داخل ہوئے تو گھر میں بھرنے والا پانی الیکٹرک بورڈ تک پہنچ گیا اور اس کی وجہ سے پانی میں کرنٹ پھیل گیا اور وہ دونوں موقع پر ہی کرنٹ لگنے سے جاں بحق ہوگئے جبکہ واقعہ کا پتہ اہلخانہ کو رات ساڑھے سات بجے کے قریب چلا جب وہ گھر میں داخل ہوئے۔

ایس ایچ او نے مزید بتایا کہ متوفین 13 بھائی بہن بھائی ہیں اور ان کا آبائی تعلق ساہیوال سے ہے، دونوں بھائیوں کی میتیں تدفین کے لیے آبائی شہر روانہ ہوں گی۔

ہجرت کالونی کے علاقے میں گھر کے اندر کمسن لڑکے کو کرنٹ لگ گیا جسے اہل خانہ فوری طور پر جناح اسپتال لائے جہاں ڈاکٹروں اس کی موت کی تصدیق کردی، جناح اسپتال کے شبعہ حادثات کی سربراہ ڈاکٹر سیمی جمالی کے مطابق متوفی کی شناخت 8 سالہ ارمان کے نام سے ہوئی ہے جسے گھر کے اندر کرنٹ لگا تھا۔

سائٹ کے علاقے میٹروول بلاک 4 میں ایک شخص کو کرنٹ لگ گیا جسے ایدھی کی ایمولینس کے ذریعے عباسی شہید اسپتال لایا گیا جہاں ڈاکٹروں نے معائنے کے بعد اس کی موت کی تصدیق کر دی ۔ ریسکیو حکام کا کہنا ہے کہ متوفی کی شناخت 40 سالہ عبداللہ ولد آزاد خان کے نام سے ہوئی ہے جسے گھر کے اندر پانی کی موٹر چلاتے ہوئے کرنٹ لگا تھا۔

ادھر ٹھٹھہ کے ساحلی علاقے سجن واری میں آسمانی بجلی گرنے سے دو افراد جاں بحق اور ایک زخمی ہوگیا۔

یہ بھی پڑھیں: کراچی ایک دہائی بعد ون ڈے انٹرنیشنل میچزکی میزبانی کیلیے تیار

چیف میٹرولوجسٹ سردار سرفراز نے کراچی میں موسم کی صورتحال کے حوالے سے بات کرتے ہوئے کہا کہ حالیہ سسٹم سے بارش کا آج آخری روز ہے، کل سے بارش کا سلسلہ تھم جائے گا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔