حفیظ کا کیریئر بچانے کیلیے مڈل آرڈر میں کھلانے کی تجویز

ٹیسٹ اسکواڈ کے اعلان میں تاخیر کرکے ممکنہ پلیئرز کو انتظار کی سولی پر لٹکا دیا گیا


Sports Reporter October 05, 2013
سلیکشن کمیٹی مضبوط حریف جنوبی افریقہ کے خلاف ٹیم کا انتخاب کرتے ہوئے تذبذب کا شکار ہے۔فوٹو:فائل

آل رائونڈر محمد حفیظ کا ٹیسٹ کیریئر بچانے کیلیے نئی تجویز سامنے آگئی، سلیکشن کمیٹی اوپنر کے بجائے مڈل آرڈر میں کھلانے پر غور کرنے لگی۔

تذبذب کا شکار سلیکٹرز اور مینجمنٹ نے ٹیم کے اعلان میں تاخیر کرکے ممکنہ کھلاڑیوں کو انتظار کی سولی پر لٹکادیا، جنوبی افریقہ کے خلاف پریکٹس میچ کیلیے منتخب اے ٹیم کی ہفتے کو روانگی کے بعد قومی اسکواڈ کا حصہ بننے کیلیے کس کو پروانہ جاری کیا جائے گا فی الحال کسی کو معلوم نہیں۔ تفصیلات کے مطابق زمبابوے سے ٹیسٹ میں شکست کے بعد سلیکشن کمیٹی مضبوط حریف جنوبی افریقہ کے خلاف ٹیم کا انتخاب کرتے ہوئے تذبذب کا شکار ہے، چند پرانے چہروں کے ایک بار پھر ناکام ہونے کا خدشہ موجود تو دوسری طرف نئے کھلاڑیوں کو موقع دینا بھی خطرہ مول لینے کے مترادف ہوگا،ذرائع کے مطابق محمد حفیظ کو یکسر ڈراپ کرنے کے بجائے ان کا ٹیسٹ کیریئر بچانے کیلیے مڈل آرڈر میں آزمانے کا آپشن زیر غور ہے۔



دوسری طرف قومی ٹیم کے اعلان میں تاخیر نے کھلاڑیوں کو تشویش میں مبتلا کردیا، پروٹیز کے خلاف پریکٹس میچ کیلیے پاکستان کی 15 رکنی اے ٹیم کا اعلان تو 26ستمبر کو ہی کردیا گیا تھا، ٹیسٹ سیریز کیلیے ممکنہ 28کھلاڑیوں کی فہرست جاری کرکے حتمی اسکواڈ کا انتخاب قذافی اسٹیڈیم میں شیڈول 3روزہ مقابلے کے بعد کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔جمعرات کو منیجر معین خان نے بتایا کہ ٹیم کی سلیکشن کا مرحلہ یواے ای میں پریکٹس میچ دیکھنے کے بعد کیا جائے گا۔

اے سائیڈ کا 3روزہ مقابلہ 8اکتوبر کو شروع ہوگا جس کیلیے عمر امین کی زیرقیادت شان مسعود، احمد شہزاد، اظہر علی، فیصل اقبال، اسد شفیق،صہیب مقصود، اکبرالرحمان، محمد رضوان، احسان عادل،اعزاز چیمہ،احمد جمال، عثمان قادر، یاسر شاہ، عمران خان ہفتے کی صبح 7بجے لاہور ایئر پورٹ سے روانہ ہوں گے۔ ٹیسٹ ٹیم کیلیے ممکنہ کھلاڑیوں کی فہرست میں ان 15کے علاوہ کپتان مصباح الحق، محمد حفیظ، خرم منظور، یونس خان، عمر اکمل،سرفراز احمد، عدنان اکمل، سعید اجمل، عبدالرحمان ،ذوالفقار بابر، جنید خان،راحت علی اور وہاب ریاض شامل ہیں۔ پاکستان کو 9اور 10اکتوبر کو میزبان یو اے ای ٹیم کے ساتھ پریکٹس میچ کھیلنا ہے، اسکواڈ کی روانگی پیر کو شیڈول ہے۔