انڈر 19ایشین رگبی فائنل میں آج پاک بھارت مقابلہ

میزبان فارورڈ لائن بہت اچھی ہے، کامیابی کیلیے زیادہ محنت کرنا پڑے گی،سورج


Sports Reporter October 05, 2013
فیصلہ کن مقابلے کو اپنے نام کرنے کے لیے دونوں کپتان پُرامید ہیں۔ فوٹو::فائل

انڈر 19 ایشین رگبی چیمپئن شپ کا فائنل ہفتے کو روایتی حریف پاکستان اور بھارت کے درمیان کھیلا جائے گا۔

پنجاب اسٹیڈیم لاہور میں شام ساڑھے پانچ بجے ہونے والے فیصلہ کن مقابلے کو اپنے نام کرنے کے لیے دونوں کپتان پُرامید ہیں۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان رگبی یونین اور اسپورٹس بورڈ پنجاب کے اشتراک سے انڈر 19 رگبی چیمپئن شپ ڈویژن تھری لاہور میں جاری ہے، میزبان اور بھارت کی ٹیموں نے فائنل کیلیے کوالیفائی کیا تھا، پاکستانی ٹیم نے افغانستان کو شکست دی جبکہ بھارتی سائیڈ نے ازبکستان کے نہ آنے پر فیصلہ کن معرکے میں رسائی پائی،مہمان کپتان سورج ویر شرما نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستانی ٹیم کی فارورڈ لائن بہت اچھی ہے، کامیابی کے لیے ہمیں بہت زیادہ محنت کرنا پڑے گی۔انھوں نے کہا کہ حریف کو ہوم ایڈوانٹیج ملے گا، ہم اپنے فارورڈز کے ذریعے کچھ نیا کر دکھائیں گے،امید ہے کہ ہم جیت کر ڈویژن ٹو میں چلے جائیں گے۔



سورج ویرشرما نے کہاکہ لاہوریوں کی مہمان نوازی بہت شاندار اور کھانے بہت اچھے ہیں،یہ بہت خوبصورت اور ثقافتی اہمیت کا حامل شہر ہے۔ بھارتی کھلاڑی سنیل چوہان نے کہا کہ ہم نے بہت سخت تیاری کی اور مثبت سوچ کے حامل ہیں،پاکستانی ٹیم بہت اچھی مگر ہم نے بھی کافی محنت کی ہے۔ فارورڈ مونو یادو نے کہا کہ میں لاہور دوسری بار آیا، اس بار بھی یہاں بہت پیار ملا ،پاکستانی ٹیم اچھی ہے مگر ہم ڈٹ کر مقابلہ کریں گے۔ پاکستانی کپتان دائود گل نے کہاکہ بھارتی ٹیم سے اچھا میچ ہوگا، پلیئرز فتح کیلیے بہت پُرامید اور سخت محنت کی ہے،کھلاڑی شیر علی نے کہاکہ بھارتی فاروڈز پھرتیلے ہیں مگر ہمارے پلیئرز انھیں روکنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔ فہد مسعود اور علی شاہد نے کہاکہ زندہ دلان لاہور کو ایک اچھا رگبی میچ دیکھنے کو ملے گا۔