درختوں کو جنگل کی آگ سے بچانے والے ماحول دوست اسپرے

ویب ڈیسک  جمعـء 4 اکتوبر 2019
اسٹینفرڈ یونیورسٹی نے ایسا ماحول دوست جیل بنایا ہے جو سبزے اور درختوں کو جنگلات کے آگ کا نوالہ بننے سے بچاسکتا ہے (فوٹو: فائل)

اسٹینفرڈ یونیورسٹی نے ایسا ماحول دوست جیل بنایا ہے جو سبزے اور درختوں کو جنگلات کے آگ کا نوالہ بننے سے بچاسکتا ہے (فوٹو: فائل)

اسٹینفورڈ: حال ہی میں ایمیزون کے بارانی جنگلات میں بھڑکنے والی آگ نے کرہِ ارض کے ہر حساس شخص کو شدید غم و غصے میں مبتلا کردیا تھا۔ اب ایسے ہول ناک حادثات سے بچنے کے لیے ایک حفاظتی جیل تیار کیا گیا ہے جسے سبزے اور جنگلات پر چھڑک کر درختوں کو فائر پروف بنایا جاسکتا ہے۔

اسٹینفرڈ یونیورسٹی کے سائنس دانوں نے آگ کو روکنے والا یہ خاص شجردوست اور ماحول دوست جیل تیار کیا ہے۔ اس طرح اگر ایک جگہ آگ لگ بھی جائے تب بھی یہ جیل اسے روکنے کی بھرپور صلاحیت رکھتا ہے۔

آتشزدگی سے بچانے والا یہ اسپرے پودوں سے حاصل شدہ سیلولیوز پالیمرز اور سلیکا ذرات سے بنایا گیا ہے۔ سلیکا اپنی ساخت میں ریت کے ذرات جیسا ہے۔ ان دونوں اشیا کو آگ بھگانے والے ایک مائع میں ڈبویا گیا ہے لیکن ٹھہریئے کہ اس کا استعمال بھی بہت دلچسپ ہے۔

دنیا بھر میں آگ بھگانے والے انتظامات آتشزدگی ہونے کی صورت میں کیے جاتے ہیں لیکن اس فائر پروف اسپرے آگ لگنے سے قبل جنگلات پر چھڑکا جاسکتا ہے۔ اس طرح یہ درختوں، پودوں اور سبزے کو فائر پروف بناتے ہوئے انہیں جھلسنے سے بچاتا ہے۔ اسے بنانے والوں کا خیال ہے کہ اسپرے ہر طرح کے زہریلے اثرات سے پاک ہے اور حیاتیاتی طور پر ازخود ختم ہوجانے والا ہے۔

دوسری اہم بات یہ ہےکہ یہ ہوا اور بارش سے دھل کر غائب نہیں ہوتا۔ اسے تجربہ گاہ میں گھاس کے پتوں پر آزمایا گیا۔ اس کے بعد کیلی فورنیا کے بعض درختوں پر بھی اس کی آزمائش کی گئی جس کے بہت اچھے نتائج برآمد ہوئے ہیں۔

ماہرین کے مطابق اگر نصف انچ بارش ہو، برف گرے یا تیز ہوا چلے تو جیل سبزے سے جڑا رہتا ہے لیکن تیز بارش کے بعد یہ بہہ کر ضائع ہوسکتا ہے۔ اب ماہرین اسی کمی کو دور کرنے کی کوشش کررہے ہیں۔

لیکن اچھی خبر یہ ہے کہ ایک اسپرے آتشزدگی کا ایک مرحلہ سہنے اور پودوں کو بچانے کے لیے بہت کافی ہے۔ پوری دنیا میں ہر سال لاکھوں ایکڑ جنگلات جھلس کر ختم ہورہے ہیں جس سے ماحولیات اور جنگلی حیات کو ناقابلِ تلافی نقصان پہنچ رہا ہے، اگر یہ جیل کامیاب ہوجاتا ہے تو ہم بہت بڑے ماحولیاتی سانحے کو رونما ہونے سے پہلے ہی روک سکتے ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔