امریکا میں ہائر کی گئی لابیئسٹ فرمز پرکابینہ کے تحفظات

خالد محمود  ہفتہ 5 اکتوبر 2019
ان فرمز کو مقابلے کے بعد منتخب کیا گیا تھا اوران کی کارکردگی کو ہر 3ماہ بعد چیک کیا جاتا ہے، وزارت خارجہ (فوٹو: فائل)

ان فرمز کو مقابلے کے بعد منتخب کیا گیا تھا اوران کی کارکردگی کو ہر 3ماہ بعد چیک کیا جاتا ہے، وزارت خارجہ (فوٹو: فائل)

 اسلام آباد:  وفاقی کابینہ نے امریکا میں پاکستان کے مفادات کے دفاع کے لئے حاصل کی گئی لابیئسٹ اور پی آر فرمز کی کارکردگی پر شدید خدشات اور تحفظات کا اظہار کیا ہے تاہم تمام ترخدشات اور تحفظات کے باوجود کابینہ نے ان فرموں کیلیے وزارت خارجہ کی جانب سے بھیجی گئی 24 کروڑ ساٹھ لاکھ روپے کی سمری کی منظوری دے دی۔

ذرائع کے مطابق وزارت خارجہ نے اپنے جواب میں لکھا ہے کہ ان فرمز کو مقابلے کے بعد منتخب کیا گیا تھا اوران کی کارکردگی کو ہر 3ماہ بعد چیک کیا جاتا ہے اور اگر وہ پاکستان کے مفادات کے تحفظ اور ضرورت کے مطابق ہیں تو ان کے ساتھ معاہدہ برقرار رہے گا وگرنہ یہ معاہدہ منسوخ کردیا جائے گا۔

وزارت خارجہ کی یقین کے بعد وفاقی کابینہ نے ای سی سی کے28 اگست کے فیصلے کی توثیق کر دی اور 246 ملین روپے جاری کرنے کی منظوری دے دی۔ کابینہ نے وزارت خارجہ کو ہدایت کی ہے کہ ان فرمز کی سہہ ماہی رپورٹ پیش کی جائے۔

دفتر خارجہ کے ذرائع کا کہنا ہے کہ ہر ملک اپنے مفادات کے تحفظ کے لیے پرائیویٹ لابنگ فرمزکو ہائر کرتا ہے اور پاکستان نے بھی طویل وقفہ کے بعد اپنے مفادات کے لیے خدمات حاصل کی ہیں اور اگر پاکستان کی حکومت کا رکردگی سے مطمئن نہ ہوئی تو فیصلہ واپس لے لیا جائے گا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔