عباس ٹاؤن سے کالعدم تنظیم کا کارندہ گرفتار اسلحہ برآمد

ملزم نے مولانا سعید سمیت21 قتل کیے، پولیس ،اے این پی عہدیدارکے قاتلوں کی گرفتاری ظاہر


Staff Reporter October 08, 2013
ملزم فرحت عباس زیدی نے قائد آباد میں ایک شخص کو قتل کرنے کا بھی اعتراف کیا ہے، پولیس۔فوٹو : محمد ثاقب / ایکسپریس

گلشن اقبال پولیس نے عباس ٹاؤن کے قریب چھاپہ مار کرکالعدم سپاہ محمد کے کارندے فرحت عباس زیدی ولد ناصر عباس زیدی کو گرفتار کر کے اسلحہ برآمد کرلیا۔

ملزم نے دوران تفتیش انکشاف کیا ہے کہ اس نے اپنے دیگر ساتھیوں کے ہمراہ سفاری پارک کے قریب اہلسنّت والجماعت کے ترجمان مولانا سعید اکبر فاروقی، رضویہ میں سہیل بیگ، فیض شیریں والا، گزشتہ سال اسکاؤٹ کالونی میں جامع مسجد صدیق اکبر کے قریب ایک دکان پر فائرنگ کر کے4افراد کو، پیپلز چورنگی کے قریب لشکر جھنگوی سے تعلق رکھنے والے مولانا صلاح الدین، عائشہ منزل کے قریب کار پر فائرنگ کر کے قاری اصغر کو اور گلبرگ میں ایک شخص کو قتل کیا، ڈی آئی جی ایسٹ منیر احمد شیخ اور ایس ایس پی ایسٹ پیر محمد شاہ نے پریس کانفرنس میں بتایا کہ ملزم نے ساتھیوں کے ہمراہ عباسی شہید اسپتال کے ایک ڈاکٹرکو اس لیے قتل کیا تھا کہ اس دن پروفیسر جعفری کو قتل کیا گیا تھا اور ملزم نے اس کا بدلہ لیا تھا۔



ملزم فرحت عباس زیدی نے قائد آباد میں ایک شخص کو قتل کرنے کا بھی اعتراف کیا ہے، ملزم فرحت عباس زیدی عباس ٹاؤن مکان نمبرC-59کا رہائشی ہے، ڈی آئی جی ایسٹ منیر شیخ نے شاہ فیصل کالونی میں فائرنگ سے جاں بحق ہونے والے عوامی نیشنل پارٹی کے سابق عہدیدار مشور بنگش کے قتل میں گرفتار 6 ملزمان کی گرفتاری بھی ظاہر کردی ، انھوں نے دعویٰ کیا کہ پولیس نے مشور بنگش کے قتل میں ببرک عرف عالمگیر سمیت6ملزمان کو گرفتارکیا، پولیس نے قائداعظم کالونی میں ملزم مجاہد کو گرفتار کیا جو کمسن لڑکی شازیہ کو اغوا کرکے لیجا رہا تھا۔