دکاندار کو دھمکیاں دیکر بھتہ طلب کرنیوالے3ملزم گرفتار

سینٹرل پولیس نے دیگر کارروائیوں میں ٹارگٹ کلر سمیت16ملزمان پکڑ لیے


Staff Reporter October 08, 2013
ایس ایس پی عامرفاروقی بھتہ خوری میں ملوث ملزمان کی گرفتاری اور لڑکی کی بازیابی سے متعلق تفصیلات بتا رہے ہیں ۔ فوٹو : محمد ثاقب/ ایکسپریس

لاہور: ایس ایس پی سینٹرل عامر فاروقی نے اپنے دفتر میں منعقدہ پریس کانفرنس میں بتایا کہ سپر مارکیٹ پولیس نے بلوچ مسجد سی ون ایریا لیاقت آباد میں مقابلے کے بعد 3 بھتہ خوروں زید غوری ، حسیب شاہ اور جنید کو گرفتار کر کے 3 ٹی ٹی پستول برآمد کرلیے۔

ملزمان نے لیاقت آباد صرافہ بازار کے قریب پرچون کی دکان کے مالک ارشاد علی کو موبائل فون پر سنگین نتائج کی دھمکیاں دیکر3لاکھ روپے بھتہ طلب کیا تھا ، بعدازاں پولیس نے بھتہ کرنے والے تینوں ملزمان کو گرفتار کر کے اسلحہ برآمد کرلیا، عزیز آباد پولیس نے سرجانی ٹاؤن کی رہائشی لڑکی کی غیر اخلاقی وڈیو بنا کر بلیک میل کرنے والے ایک ملزم زاہد ولد عبدالخالق کو گرفتار کرلیا جبکہ پولیس واردات میں ملوث ایک خاتون کی تلاش میں چھاپے مار رہی ہے ۔



پولیس کا کہنا ہے ملزم لڑکی کا رشتے دار بتایا جاتا ہے ، سمن آباد پولیس نے فیڈرل بی ایریا بلاک 17 امیر معاویہ گرائونڈ کے قریب سے کالعدم تنظیم سے تعلق رکھنے والے 2 ملزمان محمد بلال اور وقاص احمد کو گرفتار کر کے 2 ٹی ٹی پستول برآمد کرلیے، بلال کالونی پولیس نے ٹارگٹ کلر محمد ثاقب کو گرفتار کرلیا، پاپوشنگر پولیس نے 2 منشیات فروش اسمٰعیل اور اختر محمد کو گرفتار کر کے 2 ٹی ٹی پستول ، 2 کلو چرس اور موٹر سائیکل برآمد کرلی ، ڈسٹرکٹ سینٹرل پولیس نے گزشتہ 48 گھنٹوں کے دوران اسٹریٹ کرائم کی وارداتوں میں ملوث 10 ملزمان کو گرفتار کر کے بھاری تعداد میں اسلحہ اور دستی بم برآمد کرلیا۔