ہانگ کانگ چین کا اندرونی معاملہ ہے کسی کو مداخلت کا اختیار نہیں، عمران خان

ویب ڈیسک  بدھ 9 اکتوبر 2019
کسی ملک کو دوسرے ملک کے معاملات میں مداخلت کا کوئی حق نہیں، وزیر اعظم (فوٹو: فائل)

کسی ملک کو دوسرے ملک کے معاملات میں مداخلت کا کوئی حق نہیں، وزیر اعظم (فوٹو: فائل)

بیجنگ: وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ ہانگ کانگ چین کا اندرونی معاملہ ہے کسی ملک کو دوسرے ملک کے معاملات میں مداخلت کا کوئی حق نہیں۔

وزیر اعظم عمران خان کے دورہ چین کا مشترکہ اعلامیہ جاری کیا گیا جس کے مطابق وزیر اعظم عمران خان نے ہانگ کانگ کے معاملے کو چین کا اندرونی معاملہ قرار دیا ہے اور کہا کہ کسی ملک کو دوسرے ملک کے اندرونی معاملات میں مداخلت کا اختیار نہیں۔

مشترکہ اعلامیے کے مطابق چینی قیادت نے پاکستان کی سالمیت، سیکیورٹی اور علاقائی خود مختاری پر یک جہتی کے عزم کا اعادہ کیا جب کہ وزیر اعظم نے چینی قیادت کو مقبوضہ کشمیر کی صورتحال سے آگاہ کیا۔

یہ پڑھیں: وزیراعظم سے ملاقات؛ پاکستان کی علاقائی سلامتی کیلیے حمایت جاری رکھیں گے، چینی صدر

 

وزیر اعظم عمران خان نے چینی قیادت کو مقبوضہ کشمیر پر پاکستانی موقف اور تحفظات سے بھی آگاہ کیا اور کہا کہ مقبوضہ کشمیر کا مسئلہ اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل ہونا چاہیے جس پر چینی قیادت نے کہا کہ چین کشمیر کی صورتحال مزید پیچیدہ بنانے والے کسی بھی یک طرفہ اقدام کی مخالفت کرتا ہے۔

دریں اثنا دونوں ممالک کے درمیان قائم مشترکہ تعاون کی کمیٹی کا اجلاس نومبر میں اسلام آباد میں ہوگا جس میں مختلف شعبہ جات میں دو طرفہ تعاون بڑھانے پر بات چیت کی جائے گی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔