حمزہ عباسی کا اپنی زندگی کے اہم ترین فیصلے سے مداحوں کو آگاہ کرنے کا اعلان

ویب ڈیسک  اتوار 13 اکتوبر 2019
حمزہ عباسی نے سوشل میڈیا کا استعمال بند کردیا اور جلد اہم اعلان کریں گے (فوٹو : فائل)

حمزہ عباسی نے سوشل میڈیا کا استعمال بند کردیا اور جلد اہم اعلان کریں گے (فوٹو : فائل)

 کراچی: معروف ڈرامہ ’پیارے افضل‘ سے شوبز کی دنیا میں دھوم مچانے والے حمزہ علی عباسی کے ایک مبہم پیغام نے جہاں اُن کے مداحوں کی دل دھڑکنوں کو تیز کردیا وہیں سوشل میڈیا پر افواہوں کا بازار گرم ہوگیا ہے۔

حمزہ علی عباسی منجھے ہوئے معروف اداکار ہیں اور ان کی اپنے پاک وطن سے محبت بھی کسی سے ڈھکی چھپی نہیں، فلم ’وار‘ میں ان کے جذبوں کو دیکھا جا سکتا ہے، وقت کے ساتھ ساتھ اُن کی شخصیت میں نمایاں تبدیلی مذہب سے قربت ہے اور خود بھی وہ اس کا برملا اظہار کرچکے ہیں۔

یوں تو حمزہ علی عباسی سماجی رابطے کی ویب سائٹس پر زیب و زینت کا باعث بنتے ہیں لیکن اُن کی ایک ٹویٹ نے مداحوں کو رنجیدہ کردیا ہے، اپنی دل گرفتہ ٹویٹ میں لکھتے ہیں کہ ایک دہائی سے جاری سفر اب ختم ہونے جا رہا ہے، میں اس ماہ کے آخر میں ایک اہم اعلان کرنے والا ہوں تب تک سوشل میڈیا سے دور رہوں گا۔

ڈرامہ ہو یا فلم، حمزہ علی عباسی کی موجودگی کامیابی کی ضمانت سمجھی جاتی ہے، وقت کے ساتھ ساتھ ان کے فن میں نکھار آتا گیا ہے اور ان کی شخصیت میں بھی کئی تبدیلیاں رونما ہوئی ہیں جس کا وہ خود بھی وقتاً فوقتاً تذکرہ کرتے رہتے ہیں اس بنیاد پر کچھ صارفین کا خیال ہے کہ حمزہ علی عباسی شوبز کو خدا حافظ کہہ دیں گے۔

حال ہی میں ساتھی اداکارہ نمل کے ساتھ زندگی کے سب سے خوشگوار سفر کا آغاز کیا ہے لیکن شوبز کی چکا چوند دنیا کے سب سے نمایاں ستارے نے اپنی شادی کی رسومات کو نہایت مختصر اور سادہ رکھ کر سب کو حیران کردیا۔ اس بات کو بھی ان کے شوبز چھوڑنے کی دلیل قرار دیا گیا۔

اس سے بڑھ کر اپنی شادی کے اعلان کے حوالے سے حمزہ علی عباسی کی طویل پوسٹ میں بھی ان کی شخصیت میں تبدیلی کا واضح اشارہ ملتا ہے۔ ڈرامہ ’الف‘ میں ان کا کردار بھی ایک ایسے فلم میکر کا ہے جس کی شخصیت میں نمایاں تبدیلی پیدا ہوتی ہے۔

حمزہ علی عباسی اپنے ہم عصروں میں سب سے زیادہ سوشل میڈیا پر متحرک رہتے ہیں اور اپنی سیاسی نظریات کو کھل کر بیان کرتے ہیں۔ وہ اولین وقت سے تحریک انصاف اور وزیراعظم عمران خان کے مداح ہیں اور سوشل میڈیا پر ان کا مقدمہ لڑتے بھی نظر آتے ہیں۔ کچھ صارفین سمجھتے ہیں وہ سیاست سے کنارہ کش ہوجائیں گے۔

مداحوں کو حمزہ علی عباسی کے اعلان کا بے چینی سے انتظار ہے تاہم حمزہ جو بھی فیصلہ کرتے ہیں وہ اپنے مداحوں کے “پیارے افضل” ہی رہیں گے۔ حمزہ کے لیے سوشل میڈیا صارفین نے نیک تمناؤں کا اظہار کیا ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔