کراچی خورشید شاہ میر کرم علی اور امین فہیم کی گاڑیوں کے چالان

اس کے علاوہ بھی متعدد گاڑیوں کے چالان کیے گئے اور غیر قانونی نمبر پلیٹ ہٹادی گئیں، ایس پی تنویر


Staff Reporter October 10, 2013
اس کے علاوہ بھی متعدد گاڑیوں کے چالان کیے گئے اور غیر قانونی نمبر پلیٹ ہٹادی گئیں، ایس پی تنویر. فوٹو فائل

ٹریفک پولیس کی شہر میں غیر قانونی اور فینسی نمبر پلیٹ کے خلاف مہم جاری ہے۔

ایس پی تنویر عالم اوڈھو نے بتایا کہ بدھ کو سائوتھ زون میں ٹریفک پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے 3 سیاستدانوں خورشید شاہ ، میر کرم علی اور امین فہیم کی گاڑیوں کے بھی چالان کیے گئے جبکہ ان گاڑیوں پر لگی ایم این اے کی نمبر پلیٹ بھی اتار دی گئی، تنویر عالم اوڈھو نے مزید بتایا کہ اس کے علاوہ بھی متعدد گاڑیوں کے چالان کیے گئے اور غیر قانونی نمبر پلیٹ ہٹادی گئیں۔

علاوہ ازیں ڈی آئی جی ٹریفک کراچی عارف حنیف کے مطابق 19 ستمبر سے 8 اکتوبر تک 1885 چنگ چی رکشا ، 957 سی این جی آلٹرڈ رکشا، 1257 غیر معیاری سی این جی سلنڈر والی گاڑیوں، 1994 چھتوں پر مسافروں کو سوار کرنے والی گاڑیوں، پارکنگ کے خلاف ورزی پر1285 گاڑیوں، پریشر ہارن کی حامل 859 گاڑیوں، رنگین شیشوں پر 1415 گاڑیوں ، ون وے کی خلاف ورزی پر 1427 ، فینسی اور اپلائیڈ فار رجسٹریشن والی 246 گاڑیوں سمیت مجموعی طور پر 11283 گاڑیوں کے مالکان پر 54 لاکھ 26 ہزار روپے کے جرمانے عائد کیے گئے جبکہ 829 چنگچی رکشا سمیت مجموعی طور پر 1481 گاڑیوں کو پولیس کی تحویل میں لینے کے علاوہ 121 ڈرائیوروں کو گرفتار بھی کیا گیا۔