پاکستان نے بولنگ کے ہتھیاروں کی جانچ کرلی

وارم اپ میچ میں یو اے ای کو127رنز سے شکست،عرفان نے 4وکٹیں لیں، سعید اجمل اور ذوالفقار بابرکے 3،3شکار


Sports Desk October 11, 2013
شاندار کارکردگی سے جنوبی افریقہ نے پہلے ٹیسٹ کی تیاریاں مکمل کرلیں۔ فوٹو: فائل

پاکستان نے 2 روزہ وارم اپ میچ میں یو اے ای کا127رنز سے شکار کرکے اپنے بولنگ کے ہتھیاروں کی جانچ کرلی۔

317رنز کے ہدف کا تعاقب کرنے والی میزبان ٹیم 190پر ڈھیر ہوگئی،محمد عرفان نے کمزور بیٹنگ لائن کا امتحان لیتے ہوئے 4وکٹیں حاصل کیں، سعید اجمل اور ذوالفقار بابرنے 3،3 وکٹیں لیتے ہوئے اسپن ٹریکس پر افادیت ثابت کردی۔ دوسری جانب پاکستان اے کیخلاف ڈرا پر ختم ہونے والے سہ روزہ میچ میں بھرپور پریکٹس سے پروٹیز نے پہلے ٹیسٹ کی تیاریاں مکمل کرلیں، میزبان کی طرف سے اننگز 311 پر ڈیکلیئرڈ کرنے کے بعد مہمان سائیڈ نے دوسری باری میں 3 وکٹ پر 109رنز بنائے۔ تفصیلات کے مطابق بدھ کو یونس خان کی سنچری سے تقویت پاتے ہوئے پاکستان نے317رنز بنائے تھے، دوسرے روز کا کھیل یواے ای کی بیٹنگ لائن کا امتحان تھا جس میں شیمون انور کے سوا کوئی خاص کارکردگی دکھانے میں کامیاب نہ ہوسکا۔



اوپنر نے 86رنز کی اننگز کے دوران مہمان پیسرز اوراسپنرز کا ڈٹ کر مقابلہ کیا تاہم دوسرے اینڈ سے وکٹیں گرنے کا سلسلہ جاری رہا، اس دوران ثاقب علی اور خرم خان24،24 جبکہ روحان مصطفٰی 21رنز کے ساتھ کچھ مزاحمت کرنے میں کامیاب ہوئے، پوری ٹیم 73.5 اوورز کے کھیل میں 190پر ڈھیر ہوکر 127رنز کی شکست سے دوچار ہوگئی، محمد عرفان نے صرف 28رنز دیکر 4وکٹیں حاصل کیں، سعید اجمل نے20رنز کے عوض 3 شکار کئے، ذوالفقار بابر نے 44 رنز کے بدلے تین بیٹسمین پویلین بھیجے۔دوسری جانب شارجہ میں جنوبی افریقہ اور پاکستان اے کا سہ روزہ میچ ڈرا پر ختم ہو گیا۔پروٹیز نے بھرپور پریکٹس سے اپنے بیٹس کی گرد جھاڑ کر ٹیسٹ سیریزکی تیاریاں مکمل کرلیں، مہمان ٹیم نے دوسری اننگز میں 3 وکٹ پر 109رنز بناتے ہوئے 152رنز کی مجموعی برتری کے ساتھ میچ کا اختتام کیا۔

دوسری باری میں ریگولر اوپنرز کے بجائے جان پال ڈومینی اور فاف ڈوپلیسس کو نئی گیند کا سامنا کرنے کا موقع دیا گیا، ڈومینی 23 رنز بنا کر احسان عادل کی گیند پر آؤٹ ہوئے جبکہ ڈو پلیسس 42 رنز پر ریٹائر ہو گئے، اس سے قبل پاکستان اے نے 6وکٹ پر311رنز بنا کر پہلی اننگز ڈیکلیئرڈکر دی تھی،تیسرے روز اننگز 4 وکٹ پر 230 رنز سے دوبارہ شروع کی توکپتان عمرامین 12 رنز بناکر بولڈ ہوگئے، مجموعی اسکور 245 تک پہنچا تو اسد شفیق بھی پویلین سدھار گئے، انھوں نے 42 رنز اسکور کیے، صہیب مقصود(34)اور رضوان احمد(31) نے ساتویں وکٹ کیلیے 66 رنز کی ناقابل شکست شراکت قائم کی۔ ورنون فلینڈر نے 2کھلاڑیوں کوآئوٹ کیا۔