پولیس وڈیرے کی قید سے 64افراد بازیاب کرانے میں ناکام

پولیس کو3 روزمیں بچوں اورخواتین سمیت64افراد کو عدالت میں پیش کرنیکا حکم۔


Staff Reporter September 01, 2012
وڈیرا قید افراد کے کام سے متعلق دستاویزات پیش نہیںکرسکا،

تھانہ گڈاپ سٹی پولیس وڈیرے کی قید سے بچوں اورخواتین سمیت64افراد کو بازیاب کرانے میں ناکام ہوگئی ہے،عدالت میں وسائل کی کمی اور پہاڑی علاقہ ہونے کا بہانہ تراشنے پر عدالت نے شدید برہمی کا اظہار کیا ہے، تین روز میں تمام افراد کی بازیابی اور بغیرکسی عذرکے عدالت میں پیش کرنے کا حکم دیا ہے،وڈیرے کے بیان سے عدالت مطمئن نہ ہوسکی،ہاریوں کی جانب سے قید میں رہنے سے متعلق تحریری دستاویزات عدالت میں پیش کرنے کا حکم دیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق عدالت کے حکم پر ایس ایچ او تھانہ گڈاپ ٹائون کے نمائندہ سب انسپکٹر اورعطااﷲ بروہی عدالت میں پیش ہوئے،درخواست گزار کے وکیل شہباز سہوترا ایڈووکیٹ عدالت میں موجود تھے ،پولیس نے عدالت کو بتایا کہ علاقہ تھانے سے 80کلو میٹر دور پہاڑیوں میں ہے اور پولیس کے پاس علاقے تک جانے کے وسائل نہیں ہیں ،بارش کے باعث ندی نالے میں پانی بھرا ہوا تھا جس کی وجہ سے پولیس مغویوںکو بازیاب نہ کرسکی،عدالت نے پولیس کے اس بیان پر شدید برہمی کا اظہار کیا اور اپنے ریمارکس میں کہا کہ بہانہ بازی سے کام نہ لیا جائے اور اصل حقائق بتائے جائیں ، عدالتی احکامات پر عملدرآمد کیوں نہیں کیا گیا ،پولیس افسر نے کہا کہ تمام افراد وڈیرے کے ملازم ہیں اور اپنی خوشی سے کام کررہے ہیں۔

عدالت نے مذید برہمی کا اظہار کیا اور کہا کہ وہ عدالت سے کیا کہہ رہے ہیں، پولیس افسر نے خاموشی اختیار کرلی تھی ،عدالت نے کہا کہ بچوں اورخواتین سے جبری مشقت کرانا جرم ہے ،بچوں کو قید میں رکھنے کا کوئی جواز نہیں ہوتا ،اس موقع پر عطااﷲ بروھی نے عدالت کو بتایا کہ تمام افراد اس کے ہاری ہیں اور ہاریوں کی جانب سے خوشی سے کام کرنے سے متعلق تمام کاغذات موجود ہیں ،اس موقع پر عدالت نے دستاویزات طلب کی لیکن وڈیرا کاغذات عدالت میں پیش نہیں کرسکا ،فاضل عدالت نے پولیس کو تین روزمیں تمام افراد کو بغیر عذر کے عدالت میں پیش کرنے کا حکم دیا ہے۔