گولڈکپ ہاکی واپڈا اور پی آئی اے کا آج فائنل میں سامنا

سیمی فائنل میں آرمی کیخلاف وقاص شریف نے2 بار گیند کو جال کی راہ دکھائی، نیوی 2-3 سے شکست کا شکار


Sports Reporter October 12, 2013
کھیل ختم ہونے سے ایک منٹ قبل عدنان نے گیند جال بدرکر کے مقابلہ5-3 کر دیا، اسی اسکور پر کھیل کا اختتام ہوا۔فوٹو: فائل

گولڈ کپ ہاکی ٹورنامنٹ میں واپڈا اور پی آئی اے نے فائنل میں جگہ بنالی، ٹرافی کیلیے ہفتے کو نیشنل اسٹیڈیم لاہور میں دوپہر2 بجے مقابلہ ہوگا۔

گذشتہ روز سیمی فائنلز میں واپڈا نے آرمی کو3 کے مقابلے میں5گول سے زیر کیا،ایئرلائنز نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد نیوی کو3-2 سے ہرایا۔ تفصیلات کے مطابق پہلے سیمی فائنل میں واپڈا نے جارحانہ انداز اپنایا جس کے نتیجہ میں ٹیم چوتھے ہی منٹ میں برتری حاصل کرنے میں کامیاب ہوگئی،کپتان وقاص شریف نے حریف دفاعی کھلاڑیوں کو چکمہ دے کر گیند کو جال کی راہ دکھائی،کھیل کے 18ویں منٹ میں آرمی کے جبار نے گول کرکے مقابلہ برابر کر دیا،29ویں منٹ میں واپڈا کی ٹیم پنالٹی کارنر حاصل کرنے میں کامیاب ہو گئی جس کا بھر پور فائدہ عالمی ریکارڈ یافتہ سہیل عباس نے اٹھایا اور گول کرکے مقابلہ2-1 کر دیا۔ واپڈا کی خوشی اس وقت جاتی رہی جب کھیل کے35ویں منٹ میں شاہد راؤ نے پنالٹی کارنر پر ہی گول کر کے مقابلہ برابر کر دیا۔

دوسرے ہاف میں واپڈا نے زیادہ بہتر کھیل پیش کرتے ہوئے وقفے وقفے سے گول کرنے کا سلسلہ جاری رکھا،40ویں منٹ میں کپتان محمد وقاص شریف نے انفرادی طور پر دوسرا گول کر کے اپنی ٹیم کو ایک بار پھر سبقت دلا دی، محسن بلال نے 51ویں منٹ میں گیند جال میں پہنچا کر مقابلہ 4-2کر دیا،آرمی نے واپڈاکی برتری کم کرنے کی کوشش کی اور اسے اس وقت کامیابی ملی جب جبار 65ویں منٹ میں فیلڈ گول کرنے میں کامیاب رہے۔



کھیل ختم ہونے سے ایک منٹ قبل عدنان نے گیند جال بدرکر کے مقابلہ5-3 کر دیا، اسی اسکور پر کھیل کا اختتام ہوا۔ دوسرے سیمی فائنل میں دفاعی چیمپئن پی آئی اے کی ٹیم توقعات کے مطابق کھیل پیش نہ کر پائی اورگول کرنے کے متعدد مواقع ضائع کیے،اسی وجہ سے بمشکل فتح نصیب ہوئی،پہلے ہاف کے اختتام تک نیوی کو2-1 کی برتری حاصل تھی، نویں منٹ میں عنایت اللہ نے فیلڈ گول کر کے ایئرلائنزکو برتری دلائی،24ویں منٹ میں کپتان خالد علی نے گیند کو جال کی راہ دکھا کر مقابلہ برابر کر دیا۔

پہلا ہاف ختم ہونے میں صرف 2 منٹ باقی تھے کہ شہباز احمد نیوی کی دفاعی لائن میں شگاف ڈالتے ہوئے اپنی ٹیم کی طرف سے دوسرا گول کرنے میں کامیاب رہے۔ وقفے کے بعد48ویں منٹ میں پی آئی اے کے یاسر اسلم نے گول کرکے مقابلہ 2-2 سے برابر کر دیا۔اس موقع پر دونوں ٹیموں کو دوبارہ برتری حاصل کرنے کے متعدد مواقع میسر آئے لیکن فارورڈز گیند کو جال کی راہ دکھانے میں کامیاب نہ ہو سکے، 66 ویںمنٹ میں پی آئی اے کی ٹیم نے ایک زبردست موو بنائی جس کا بھر پور فائدہ ڈی میں موجود عمران خان نے اٹھایا اور بغیر کوئی غلطی کیے گیند کو جال کی راہ دکھا دی۔ ایونٹ کے پوزیشن میچز ہفتے کو ہوں گے، تیسری اور چوتھی پوزیشن کا مقابلہ دس بجے کھیلا جائے گا جبکہ فائنل دوپہر2بجے شیڈول ہے۔