گولیمار پیتل گلی؛ پولیس مقابلے میں 2 ڈکیت بھائی ہلاک، تیسرا گرفتار

اسٹاف رپورٹر  بدھ 23 اکتوبر 2019
ڈاکوؤں نے یرغمالی سے پستول ہٹایا تو پولیس نے گھیراؤ کر لیا، ڈاکوؤں کی فائرنگ سے اہلکار زخمی ہو گیا، جوابی فائرنگ سے تینوں زخمی ہو گئے

ڈاکوؤں نے یرغمالی سے پستول ہٹایا تو پولیس نے گھیراؤ کر لیا، ڈاکوؤں کی فائرنگ سے اہلکار زخمی ہو گیا، جوابی فائرنگ سے تینوں زخمی ہو گئے

کراچی:  نیا گولیمار پیتل گلی میں مبینہ پولیس مقابلے میں ایک ڈکیت مارا گیا جب کہ 2 ڈاکوؤں کو پولیس نے زخمی حالت میں گرفتار کرکے اسلحہ برآمد کرلیا۔

تفصیلات کے مطابق ملزمان کی فائرنگ سے ایک پولیس اہلکار بھی زخمی ہوگیا، ہلاک اور زخمی ڈاکو آپس میں سگے بھائی ہیں جو حال ہی میں جیل سے رہا ہوکر آئے تھے، شدید زخمی حالت میں گرفتار کیا جانے والا ایک ڈکیت سول اسپتال میں دم توڑگیا، ہلاک ہونے والے ڈاکوؤں کی تعداد 2 ہو گئی، زخمی حالت میں گرفتار تیسرا ڈکیت اسپتال میں زیرعلاج ہے۔

نیاگولیمار پیتل والی گلی سے متصل کلینک والی گلی میں مبینہ پولیس مقابلے میں ایک ڈاکو ہلاک اور 2 ڈکیت زخمی ہوگئے، ملزمان کی فائرنگ سے ایک پولیس اہلکار بھی زخمی ہوگیا، رضویہ پولیس نے ہلاک اور زخمی ہونے والے ڈاکوؤں کو فوری طور پر چھیپا ایمبولینسوں کی مدد سے عباسی شہید اسپتال پہنچایا جہاں زخمی پولیس اہلکار کی شناخت 28 سالہ خالد ولد افضال کے نام سے کی گئی، پولیس کے مطابق ہلاک ہونے والے ڈاکو کی شناخت 28 سالہ توفیق ولد شمس الدین کے نام سے کی گئی جبکہ زخمی ڈکیت 25 سالہ راقب اور 21 سالہ آصف مارے جانے والے ڈاکو کے چھوٹے بھائی ہیں۔

ہلاک اور زخمی ڈاکوؤں سے اسلحہ برآمد کیا گیا ہے، عینی شاہدین کے مطابق منگل کی صبح 3 ڈکیت 3 منزلہ رہائشی عمارت میں ڈکیتی کی نیت سے داخل ہورہے تھے کہ علاقہ مکین نے مددگار 15 پر اطلاع کردی جس پر مددگار پولیس پہنچ گئی پولیس کو دیکھ کر ڈاکوؤں نے اہلخانہ کو یرغمال بناتے ہوئے پولیس سے فرار ہونے کیلیے راستہ مانگا تو پولیس نے حکمت عملی کے تحت یرغمال بنائے گئے افراد کو بچانے کے لیے ڈاکوؤں کو راستہ دے دیا جیسے ہی ڈاکوؤں نے یرغمال بنائے گئے افراد سے پستول ہٹا کر فرار ہونے کی کوشش کی پولیس نے انھیں گھیرے میں لے لیا جس پر ڈاکوؤں نے فائرنگ شروع کردی ۔

جس سے ایک پولیس اہلکار زخمی ہوگیا پولیس نے مورچہ بند ہوکر ڈاکوؤں پر جوابی فائرنگ کی جس میں تینوں ڈکیت گولیاں لگنے سے زخمی ہو گئے پولیس نے تینوں اہلکاروں کو حراست میں لے لیا اسی دوران ایک ڈاکو دم توڑ گیا، دریں اثنا منگل کی صبح پولیس مقابلے کے دوران شدید زخمی حالت میں گرفتارکیا جانے والا ایک اور ڈاکو آصف سول اسپتال میں دوران علاج دم توڑ گیا، پولیس مقابلے میں ہلاک ہونے والے ڈاکوؤں کی تعداد 2 ہوگئی جبکہ پولیس مقابلے میں زخمی حالت میں گرفتار تیسرا ڈکیت راقب سول اسپتال میں زیرعلاج ہے۔

پولیس مقابلے میں مارے جانے والے اور زخمی حالت میں گرفتار تینوں ڈکیت آپس میں سگے بھائی اوررضویہ 400 کوارٹرز کے رہائشی اور عادی جرائم پیشہ تھے تینوں نے اپنے گینگ کا نام آصف گینگ رکھا ہوا تھا مقابلے میں مارے جانے والے اور زخمی حالت میںگرفتار ڈکیت 25 روز قبل ہی جیل سے رہا ہوئے تھے تینوں ڈکیتوں کی ایک سی سی ٹی وی فوٹیج سامنے آئی ہے جس میں تینوں بھائی اپنے ساتھیوں کے ہمراہ پاک کالونی میں ڈکیتی مار رہے تھے وڈیو میں تینوں بھائی بڑے ہتھیار اٹھائے ہوئے تھے، تینوں ڈکیت بھائی اپنے ساتھیوں کے ہمراہ درجنوں ڈکیتی، لوٹ مار اور سیکیورٹی گارڈ سے اسلحہ چھیننے کی وارداتوں میں ملوث ہیں اور کئی بار گرفتار ہوکر جیل جاچکے ہیں۔

وارننگ پر ڈکیتوں نے باہر آ کر اندھا دھند فائرنگ کی

ایس ایس پی سینٹرل عارف اسلم رائو نے بتایاکہ پولیس اہلکاروں نے وارننگ فائر کیے ڈاکو جیسے ہی مکان سے باہر آئے انھوں نے پولیس پر فائرنگ کردی جس سے ایک پولیس اہلکار خالد افضل گولی لگنے سے زخمی ہوگیا اور پولیس کی فائرنگ سے تینوں ڈکیت زخمی ہو گئے جنھیں اسپتال منتقل کیا گیا جہاں توصیف نامی ڈکیت ہلاک ہو گیا ڈکیٹ ڈیڑھ سال جیل میں رہ کر رہا ہوئے تھے اہلکار نور نواز اور خالد افضل نے تینوں ڈکیتوں کا ڈٹ کر مقابلہ کیا ڈاکوئوں سے موبائل فون ،نقد رقم، طلائی زیورات بھی ملے ہیں،ڈاکوئوں نے 2 منزلوں پر لوٹ مار کی تھی، ایڈیشنل آئی جی کراچی نے پولیس پارٹی کے لیے نقد انعام اور اسناد دینے کا اعلان کیا ہے۔

گھر سے موٹرسائیکل نکالتے ہوئے ڈاکوئوں نے یرغمال بنایا، سروش

عمارت کے رہائشی عینی شاہد نوجوان سروش نے بتایاکہ صبح7 بجے وہ گھر سے موٹر سائیکل نکال کر ملازمت پرجارہا تھا اسی دوران 2 موٹر سائیکلوں پر3 ڈکیت آئے اور اس پر اسلحہ تان لیا اور اسے یرغمال بنانے کے بعد گھر لے جانے کا کہا انکار پر ڈاکوئوں نے اسے بٹ مار کرزخمی بھی کیا اور ڈراتے رہے اور عمارت میں جا کر تینوں ڈکیتوں نے لوٹ مار شروع کردی اسی دوران مدد گار 15 پر کال کردی گئی جس پر چند منٹوں میں پولیس موقع پر پہنچ گئیں ، مکان مالک کا کہنا ہے کہ پولیس بروقت پہنچی ڈکیت لوٹ مار کر کے عمارت سے اتر رہے تھے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔