طوفان کے خطرے کے پیش نظر سمندر میں نہانے پر پابندی عائد

سمندر میں نہانے پر پابندی 5 نومبر تک لگائی گئی ہے، محکمہ داخلہ سندھ


ویب ڈیسک October 28, 2019
پابندی کا اطلاق جھیلوں پر بھی ہوگا، محکمہ داخلہ سندھ ۔ فوٹو:فائل

محکمہ داخلہ سندھ نے آج سے 5 نومبر تک سمندر میں نہانے پر پابندی عائد کرتے ہوئے دفعہ 144 نافذ کردی۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق صوبائی حکومت نے سمندری طوفان کے خطرے کے پیش نظر آج سے 5 نومبر تک سمندرمیں نہانے پر پابندی عائد کردی ہے۔ محکمہ داخلہ سندھ کے نوٹی فکیشن کے مطابق پابندی کراچی ڈویژن، ضلع ٹھٹھہ اور بدین میں عائد کی گئی ہے اور سمندر میں نہانے، تیراکی، بوٹنگ اور فشنگ پر دفعہ 144 عائد کردی گئی ہے۔

نوٹی فکیشن کے مطابق پابندی کا اطلاق جھیلوں پر بھی ہوگا اور یہ پابندی 5 نومبر تک رہے گی جب کہ قانون کی خلاف ورزی کے مرتکب افراد کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی جبکہ ماہی گیروں کے مچھلی کے شکار پر پہلے ہی پابندی عائد کی جاچکی ہے۔

یہ پڑھیں: بحیرہ عرب میں سپر سائیکلون بن گیا، کراچی میں بارش و آندھی کا امکان

دوسری جانب گورنر سندھ عمران اسماعیل نے ممکنہ سائیکلون "کیار" کے خطرے کے پیش نظر چیئرمین نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی، میئر کراچی اور کمشنر کراچی سمیت دیگر متعلقہ اداروں کو الرٹ رہنے کی ہدایت کردی ہے اور کہا ہے کہ ممکنہ طوفان سے شہر کو کسی بڑے نقصانات سے محفوظ رکھنے کے لیے حفاظتی اقدامات یقینی بنائے جائیں، ساحلی پٹی پر آباد لوگوں کو دوسرے مقامات پر منتقل کرنے کے انتظامات بھی کیے جائیں۔

مقبول خبریں