ایریزونا پارک میں رکھا ایک ٹن وزنی پتھر چوری

ویب ڈیسک  جمعـء 1 نومبر 2019
امریکی ریاست ایریزونا میں ایک ہائی وے پر قومی جنگل کے پاس رکھا یہ پتھر اب چوری ہوچکا ہے جس کا وزن ایک ٹن ہے (فوٹو: سی این این)

امریکی ریاست ایریزونا میں ایک ہائی وے پر قومی جنگل کے پاس رکھا یہ پتھر اب چوری ہوچکا ہے جس کا وزن ایک ٹن ہے (فوٹو: سی این این)

ایریزونا: امریکا میں چوری کا ایک عجیب و غریب واقعہ پیش آیا ہے جس میں نقب زنوں نے ایک ٹن وزنی پتھر چوری کرلیا جسے راک یا چٹان کہنا زیادہ بہتر ہوگا۔

ایریزونا میں واقع ایک جنگل ’پریسکوٹ نیشنل فاریسٹ‘ کے باہر رکھا ایک نمائندہ پتھر دو ہفتے قبل اچانک غائب ہوگیا جس کے بعد جنگل کی انتظامیہ نے اس کی تلاش میں عوام سے بھی مدد مانگ لی۔

یہ سیاہ چٹان نما پتھر ’وزرڈ راک‘ کہلاتا ہے جسے مقامی افراد بھی بہت اہمیت دیتے ہیں۔ یہ بڑا سا پتھر تحفظ شدہ جنگل کے لیے اہمیت رکھتا ہے جسے بطور نشانی بھی سمجھا جاتا ہے۔

مقامی سیکیورٹی عہدے دار سارہ کلاسن نے کہا کہ انہیں امید ہے کہ یہ معدنی چٹان انہیں جلد واپس کردی جائے گی جسے خاص تعلیمی مقاصد کے لیے یہاں رکھا گیا تھا۔

دوسری جانب امریکی فاریسٹ قوانین کی سروسز نے عوام سے اپنی پسندیدہ چٹان واپس لانے کے لیے تعاون کی اپیل کی ہے جو گزشتہ 89 برس سے ایک بڑی شاہراہ پر عوامی دلچسپی کی وجہ بنا ہوا تھا۔

لوگ اس پتھر کے پاس آکر رکتے تھے اور تصاویر بنواکر آگے بڑھ جاتے تھے۔ گزشتہ چار ماہ میں مزید دو بھاری پتھر یہاں سے چوری ہوچکے ہیں اور اس چٹان کی طرح انہیں بھی کسی بھاری مشینری سے ہٹایا گیا ہوگا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔