پولیس بچہ اغوا کرنیوالی ملزماؤں کے ساتھی گرفتار کرنے میں ناکام

دوران تفتیش ملزماؤں نے پتے غلط بتائے، پولیس رات بھر غلط مقامات پر چھاپے مارتی رہی۔


Staff Reporter October 15, 2013
گھر کا دروازہ کھلا ملا تو بچہ اغوا کرلیا،خواتین فوٹو : ایکسپریس

جمشید کوارٹرز سے بچے کو اغوا کرنے والی دونوں خواتین کے ساتھ ان کے مرد ساتھی بھی تھے جو واقعے کے وقت فرار ہوگئے۔

تفتیش کے دوران خواتین نے اپنے گھروں کے پتے غلط بتائے پولیس رات بھر ملزمائوں کے ساتھیوں کی تلاش میں چھاپے مارتی رہی،پیر کو جمشید کوارٹرز میں اہل محلہ نے شیر خوار بچے کے اغوا کی کوشش ناکام بناتے ہوئے تعاقب کے بعد2 خواتین نگینہ اور ملائیکہ کو پکڑ کر پولیس کے حوالے کردیا تھا۔



تفتیشی افسر انسپکٹر خالد نے بتایا کہ دونوں ملزمائیں شاطر ہیں،تفتیش کے دوران ملزمائوں نے بتایا کہ واردات کے وقت ان کے ساتھی مرد موجود تھے جو شور مچ جانے فرار ہوگئے انھوں نے جو اپنے رہائشی پتے بتائے وہ غلط تھے رات بھر پولیس نے ان مقامات سرجانی ٹائون ، نارتھ کراچی، یوپی موڑ،انڈا موڑ سمیت لیاری میں چھاپے مارے جہاں مکانات کو تالے لگے ہوئے ہیں۔

دونوں ملزمائوں سے لیڈی پولیس نے تفتیش کی لیکن کوئی ٹھوس بات سامنے نہیں آسکی ہے،اغوا کے حوالے سے ملزمائوں نے بتایا کہ کہ گھر کا دروازہ کھلا مل گیا تو وہ گھر میں گھس گئیں اور اسلحے کے زور پر بچے کو اغوا کرلیا،گزشتہ روز ملزمائوں کو عدالت میں پیش کیا گیا جہاں فاضل عدالت نے انھیں جیل روانہ کرنے کی ہدایت کی جس پر ملزمائوں کو خواتین جیل بھیج دیا گیاہے۔