کابل میں پاکستانی سفارتکاروں کو ہراساں کرنے کے واقعات افغان ناظم الامور کی طلبی

افغان وزارت خارجہ اپنی خفیہ ایجنسی کے سامنے بے بس دکھائی دیتی ہے


ویب ڈیسک November 03, 2019
ہراساں کرنے کا سلسلہ گھر سے لیکر سفارتخانے اور واپسی کے راستے میں کیا جارہا ہے، ذرائع ۔ فوٹو : فائل

لاہور: افغانستان میں پاکستانی سفارت کاروں کو ہراساں کرنے کے واقعات میں اضافہ ہوگیا ہے جس پر پاکستان نے افغان ناظم الامور کو دفتر خارجہ طلب کرکے احتجاج کیا ہے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق افغان حکام کی جانب سے پاکستانی سفارتکاروں کو ہراساں کیا جارہا ہے اور ہراساں کرنے کا سلسلہ گزشتہ روز سے شروع ہوا ہے، اس سلسلے میں افغان وزارت خارجہ اپنی خفیہ ایجنسی کے سامنے بے بس دکھائی دیتی ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ افغان خفیہ ایجنسی کے اہلکار سفارت کاروں کی گاڑیاں روک کرغلط زبان استعمال کرتے ہیں، تمام سفارت کاروں کو نقل وحرکت کے دوران روکا جاتا ہے اور ہراساں کرنے کے واقعات گھر سے لے کر سفارت خانے اور واپسی کے راستے میں پیش آرہے ہیں۔

افغان ناظم الامور کی طلبی، دفتر خارجہ کا احتجاج

دوسری جانب پاکستان نے واقعات کی مذمت کرتے ہوئے افغان ناظم الامور کو دفتر خارجہ طلب کرلیا۔ ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق پاکستانی کے سفارتی عملے کی سیکیورٹی پر شدید خدشات کا اظہار کیا گیا اور کہا گیا کہ گزشتہ 2 روز سے پاکستانی سفارت کاروں کو ہراساں کیا جا رہا ہے، سفارت خانے کی طرف آنے والے سفارتی عملے کی گاڑیوں کو موٹر سائیکل سے ٹکر ماری گئی۔

ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق افغان حکومت ہراساں کرنے کے واقعات کی فوری تحقیقات کرے اور پاکستانی سفارت کاروں کے تحفظ کی ذمہ داری پوری کرے۔

مقبول خبریں