جنوبی کوریا میں سمندر برد ہونے والے ہیلی کاپٹر سے 2 لاشیں برآمد

سیاحوں کی مدد کے لیے کوڈکو جزیرے جانے والا فائر ڈاپارٹمنٹ کا ہیلی کاپٹر حادثے کا شکار ہو گیا تھا


ویب ڈیسک November 03, 2019
سمندر میں 80 میٹر کی گہرائی سے ہیلی کاپٹر کی باقیات اور 4 لاشیں نکالی جا چکی ہیں۔ فوٹو: فائل

جنوبی کوریا میں سمندر میں گر کر تباہ ہونے والے فائر ڈپارٹمنٹ کے ہیلی کاپٹر میں سوار مزید دو اہلکاروں کی لاشیں نکال لی گئی ہیں تاہم اب بھی 3 افراد لاپتا ہیں۔

بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق جنوبی کوریا کے ایک چھوٹے سے جزیرے ڈوکڈو میں سیاحوں کی مدد کو جانے والا فائر ڈپارٹمنٹ کا ریسکیو ہیلی کاپٹر گر کر تباہ ہوگیا تھا۔ ہیلی کاپٹر کے مکمل طور پر سمندر برد ہوجانے کے باعث حادثے کے شکار افراد کی تلاش میں مشکل کا سامنا تھا۔

ریسکیو ادارے کے درجنوں غوطہ خوروں اور امدادی کارکنوں نے انتھک محنت کے بعد کل 2 اہلکاروں کی لاشیں نکالی تھیں جب کہ آج بھی سمندر کی 72 میٹر گہرائی میں ہیلی کاپٹر کی باقیات کے کچھ حصوں سے دو مردوں کی لاشیں نکالی گئی ہیں جن کی شناخت نہیں ہوسکی۔

حادثے کا شکار ہونے والے ہیلی کاپٹر میں پائلٹ سمیت فائر ڈپارٹمنٹ کے 7 اہلکار سوار تھے جن میں سے مجموعی طور پر 4 کی لاشیں نکالی جاچکی ہیں جب کہ 3 افراد اب بھی لاپتا ہیں۔ حکومت نے ہلاک ہونے والے محکمہ فائر اینڈ سیفٹی کے ملازمین کی مالی امداد کا بھی اعلان کیا ہے۔