بورس جانسن نے بریگزٹ ڈیل کی ناکامی پر معافی مانگ لی

بورس جانسن نے وزرات عظمیٰ کا عہدہ سنبھالتے ہی 31 اکتوبر تک ہر حال میں بریگزٹ ڈیل کے مکمل ہونے کا وعدہ کیا تھا


ویب ڈیسک November 03, 2019
بریگزٹ ڈیل کے التوا کا ذمہ دار برطانوی پارلیمان ہے۔ بورس جانسن (فوٹو : فائل)

ISLAMABAD: برطانوی وزیراعظم بورس جانسن نے 31 اکتوبر تک یورپی یونین سے انخلاء کا وعدہ پورا نہ ہونے پر عوام سے معافی مانگ لی۔

برطانوی نشریاتی ادارے اسکائی نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر اعظم بورس جانسن نے 31 اکتوبر تک بریگزٹ ڈیل پر عمل درآمد میں ناکامی پر مایوسی کا اظہار کرتے ہوئے عوام سے معافی مانگ لی ہے تاہم انہوں نے بریگزٹ ڈیل کے التوا کا ذمہ دار برطانوی پارلیمان کو ٹھہرایا۔

برطانوی وزیراعظم نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ برطانیہ اپنے معاملات حل کرنا جانتا ہے اور اس کے لیے وہ کسی ملک کی دھمکیوں میں نہیں آئے گا، بریگزٹ ڈیل عوام کی امنگوں اور متفقہ رائے سے انجام پائے گی۔

قبل ازیں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے برطانیہ سے تجارت کو روکنے کی دھمکی دیتے ہوئے کہا تھا کہ وزیر اعظم جانسن کی بریگزٹ ڈیل کی وجہ سے مستقبل میں امریکا اور برطانیہ کے مابین تجارتی ڈیل کی بندش کا خدشہ ہے۔

واضح رہے کہ وزیراعظم بورس جانسن نے عہدہ سنبھالتے ہی یورپی یونین سے انخلاء کے لیے 31 اکتوبر کی حتمی تاریخ کا اعلان کرتے ہوئے کہا تھا کہ ہر حال میں مقررہ تاریخ تک انخلاء کا عمل مکمل ہوجائے گا تاہم پارلیمان کی مخالفت کے باعث ایسا ممکن نہیں ہوسکا تھا اور یورپی یونین نے بھی بریگزٹ ڈیل کیلیے مہلت دے دی تھی۔