گنیز بک آف ورلڈ ریکارڈ کے مطابق یہ ہے سب سے چھوٹا امیج سینسر

ویب ڈیسک  پير 4 نومبر 2019
تصویر میں دکھائی دینے والا یہ کیمرہ دنیا کا سب سے چھوٹا کمرشل امیج سینسر ہے۔ فوٹو: اومنی وژن

تصویر میں دکھائی دینے والا یہ کیمرہ دنیا کا سب سے چھوٹا کمرشل امیج سینسر ہے۔ فوٹو: اومنی وژن

 نیویارک: اومنی ویژن کا تیار کردہ یہ امیج سینسر طب، جاسوسی، آپریشن اور دیگر اہم کاموں کے لیے خریدا بھی جاسکتا ہے۔

اوپر کی تصویر میں انگلی کے پور پر دکھائی دینے والا چینی کے دانے سے بھی چھوٹا یہ سینسر دنیا کا سب سے مختصر ترین امیج سینسر ہے جسے آپ دنیا کا سب سے چھوٹا کیمرہ بھی کہہ سکتے ہیں۔

یہ کمرشل بنیادوں پر دستیاب ہے جسے اومنی ویژن کمپنی نے تیار کیا ہے۔ دنیا کے سب سے چھوٹے امیج سینسر کا نام او وی 6948 ہے جسے گنیز بک آف ورلڈ ریکارڈ نے کمرشل بنیادوں پر دستیاب دنیا کا سب سے چھوٹا امیج سینسر قرار دیا ہے۔ اب کمپنی نے اس پر ایک مکمل کیمرا بھی بنا لیا ہے۔

اس کی لمبائی 0.575 ملی میٹر، چوڑائی 0.575 ملی میٹر اور موٹائی 0.232 ملی میٹر ہے۔ اسے جب ایک کیمرا ماڈیول میں رکھا گیا تو اس کی لمبائی 0.65 ملی میٹر اور لمبائی بھی اتنی ہی ہوئی جبکہ اسے اینڈواسکوپی کےلیے آزمایا گیا تو اس نے بدن کےاندر رنگین تصاویر بھیجیں۔ سینسر میں لگی چپ 120 درجے کا فیلڈ ویو دکھاتی ہے اور فوکس رینج 3 ملی میٹر سے 30 ملی میٹر تک ہے۔

ویڈیو موڈ میں یہ 120 فریم فی سیکنڈ کی ویڈیو بنا سکتا ہے۔ اس اہم ایجاد کو امراضِ قلب، کمر، حرام مغز اور دیگر امراض کے علاج میں استعمال کیا جاسکتا ہے۔ اتنی چھوٹی جسامت پر ڈینٹسٹ حضرات بھی اس سے فائدہ اٹھاسکتے ہیں جبکہ صنعتوں میں اس کا استعمال لامحدود ہے۔

اومنی ویژن سےوابستہ انجینئر آرون چیانگ نے بتایا کہ جسم کے باریک اور مختصر مقامات کی تصویر کشی سے علاج کی نئی راہیں کھلیں گی۔ اس کے علاوہ اگر تار سے باندھ کر یہ کیمرا بدن میں اتارا جائے تو اس سےمریض کو بہت تکلیف بھی نہیں ہوتی۔

یہی وجہ ہے کہ اس کیمرے کو طب اور جراحی میں کامیابی سے استعمال کیا جاسکتا ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔