ضیا اور مشرف کی آمریت کا مقابلہ کیا کٹھ پتلی حکومت کا بھی مقابلہ کریں گے بلاول بھٹو

اب عوام نے تسلیم کرلیا ہے کہ وزیراعظم عوامی نمائندہ نہیں ہے، بلاول بھٹو


ویب ڈیسک November 04, 2019
اب عوام نے تسلیم کرلیا ہے کہ وزیراعظم عوامی نمائندہ نہیں ہے، بلاول بھٹو۔ فوٹو : فائل

چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہے کہ پی پی نے ضیا اور مشرف کی آمریت کا مقابلہ کیا، اب نااہل کٹھ پتلی حکومت کا بھی مقابلہ کریں گے اور غریب عوام کے حقوق کا تحفظ کریں گے۔

اوچ شریف میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ ملک میں کٹھ پتلی حکومت قائم کی گئی ہے، جب سے سلیکٹڈ، جعلی اور کٹھ پتلی حکومت آئی، عوام کی آواز دبانے کی کوشش کی جارہی ہے اور عوام کے معاشی حقوق پر حملے ہوئے ہیں، اب عوام نے تسلیم کرلیا ہے کہ وزیراعظم عوامی نمائندہ نہیں ہے۔

بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ جب سے سلیکٹڈ حکومت آئی ہے بجلی، گیس اور ڈالر سب کچھ مہنگا ہوگیا، آئی ایم ایف کے بجٹ نے عوام کا جینا مشکل کردیا ہے جب کہ ہمارے سیلیکٹڈ وزیراعظم نے معیشت کی خود مختاری کا سمجھوتا کردیا ہے، جب سے جعلی حکومت آئی ہے کسانوں کا معاشی قتل کر رہی ہے، اس حکومت نے صرف امیروں کو فائدہ اور غریبوں کو تکلیف پہنچائی ہے۔

چیئرمین پیپلزپارٹی نے کہا کہ آج پورا پاکستان کہہ رہا ہے کہ وزیراعظم سلیکٹڈ ہے، سب کو یاد ہے کہ کیسے ووٹ چوری کیے گیے اور دھاندلی زدہ حکومت مسلط کی گئی، پی پی نے ضیا اور مشرف کی آمریت کا مقابلہ کیا، اب نااہل کٹھ پتلی حکومت کا بھی مقابلہ کریں گے اور غریب عوام کے حقوق کا تحفظ کریں گے۔

مقبول خبریں