جونیئر ہاکی ورلڈکپ تربیتی کیمپ کیلیے پلیئرز کل رپورٹ کریں گے

پہلےمرحلےکا باقاعدہ آغاز پیرسے نصیر بندہ اسٹیڈیم میں ہوجائیگا،ایونٹ کیلیے حتمی اسکواڈ کا اعلان 22 نومبر کو کیا جائیگا


Sports Reporter October 19, 2013
میگا ایونٹ میں گولڈ میڈل کے حصول پر نظریں ہیں، ہدف مشکل ضرور ہے ناممکن نہیں،کوچ۔ فوٹو: فائل

رواں برس بھارت میں شیڈول جونیئر ہاکی ورلڈکپ کی تیاریوں کیلیے کھلاڑی20 اکتوبر کو رپورٹ کریں گے،کیمپ کا باقاعدہ آغاز 21 اکتوبر کو نصیر بندہ اسٹیڈیم اسلام آباد میں ہوگا۔

کوچ منظورالحسن کا کہنا ہے کہ میگا ایونٹ میں گولڈ میڈل کے حصول پر نظریں ہیں، ہدف مشکل ضرور ہے ناممکن نہیں، قوم کی توقعات پر پورا اترنے کی بھرپور کوشش کریںگے۔جونیئر ہاکی ورلڈکپ کی تیاریوں کیلیے کھلاڑی20 اکتوبر کو رپورٹ کریںگے،کیمپ کا باقاعدہ آغازاگلے روز نصیر بندہ اسٹیڈیم اسلام آباد میں ہوگا۔ ابتدائی طور پر منتخب 41 پلیئرز میں گول کیپر: مظہر عباس، امین یوسف، عدنان شکور، امجد علی، علی حیدر، طلال خالد، فل بیکس: مشتاق، زوہیب اشرف، علیم بلال، حافظ عمار طیب، اسد عزیز، وسیم عباس اور عثمان تنویر، ہاف بیکس: محمد کاشف جاوید، تصور عباس، علی حسن فراز، کامران آصف، نیر، عدنان، محمد صہیب، عثمان تنویر، فارورڈز میں محمد عرفان، محمد عمیر، عدنان انور، محسن صابر، ایوب علی، احمد زبیر، علی شان، عبدالقیوم ڈوگر، محمد رضوان، رضوان، اویس، عبدالخالق، وسیم اسلم، عبدالکریم خان، فہد اللہ خان، اکبر علی، صابر علی، حماد آصف علی اور محمد اسد بشیر شامل ہیں۔



چیف کوچ و منیجر منظورالحسن کا کہنا ہے کہ پوری قوم کی طرح میرا ہدف بھی جونیئر ورلڈ کپ میں گولڈ میڈل کا حصول ہے۔نمائندہ''ایکسپریس'' سے بات چیت میں انھوں نے کہا کہ میگا ایونٹ کی تیاریوں کیلیے کیمپ2مرحلوں میں لگایا جائے گا۔ پہلامرحلہ 20 اکتوبر سے10 نومبر تک اسلام آباد کے نصیر بندہ ہاکی اسٹیڈیم میں ہوگا جبکہ دوسرے مرحلے میں کھلاڑی 15 نومبر کو نیشنل ہاکی اسٹیڈیم لاہور میں دوبارہ ٹریننگ کا آغاز کریں گے، آسٹریلیا میں نائن اے سائیڈ اور جاپان میں ایشین چیمپئنز ٹرافی میں حصہ لینے کے بعدکھلاڑی 13 نومبر کو وطن واپس پہنچیں گے اور ایک دن آرام کے بعد15 نومبر کو کیمپ کا باقاعدہ حصہ بن جائیں گے، کیمپ میں موجود تمام کھلاڑیوں کی کارکردگی کو سامنے رکھتے ہوئے جونیئر ورلڈ کپ کیلیے حتمی اسکواڈ کا اعلان 22 نومبر کو کیا جائے گا۔ انھوں نے کہا کہ سلطان آف جوہر ہاکی کپ کے مقابلوں کے دوران پنالٹی کارنر سمیت مختلف شعبوں میں نظر آنیوالی دوسری خامیوں پر قابو پانے کیلیے بھرپور محنت کریں گے۔ایک سوال پر سابق کپتان نے کہا کہ پوری قوم کی طرح جونیئر ورلڈ کپ میں گولڈ میڈل کے حصول پر نظریں ہیں،ہدف مشکل ضرور ہے ناممکن ہر گز نہیں۔