لاہور میں شدید اسموگ کے باعث نظام زندگی متاثر

ویب ڈیسک  جمعرات 7 نومبر 2019

لاہور: پنجاب حکومت نے لاہور میں شدید اسموگ کی وجہ سے شہر بھر کے اسکول بند رکھنے کا اعلان کر دیا۔

لاہور میں شدید اسموگ نے شہریوں کی زندگی اجیرن کردی ہے جب کہ اسموگ کے باعث لوگوں کو سانس لینے میں بھی دشواری کا سامنا کرنا پڑرہاہے۔ محکمہ ماحولیات کا کہنا ہے کہ بھارتی شہر جالندھر میں فصلوں کی باقیات جلائے جانے کے باعث اسموگ پاکستان کا رخ کررہی ہے۔

لاہور میں شدید اسموگ کے باعث وزیر اعلی پنجاب اور صوبائی وزیر تعلیم مراد راس نے تشویش کا اظہار کرتے ہوئے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر اپنے پیغام میں کہا کہ شہر میں اسموگ خطرناک حد تک بڑھ جانے سے بچوں کی صحت کو خطرات لاحق ہیں جس کے باعث سرکاری اور نجی اسکول آج بند رہیں گے۔

وزیراعلیٰ پنجاب نے  ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ محکمہ ماحولیات، انتظامیہ اور متعلقہ ادارے اسموگ کے حوالے سے ہمہ وقت چوکس رہیں، اسموگ کے حوالے سے احتیاطی تدابیر کے لئے عوام میں شعور بیدار کرنے کے لئے موثر آگاہی مہم چلائی جائے۔

انہوں نے مزید کہا اسموگ میں اچانک اضافے سے شہریوں کو مشکلات کا سامنا ہے، شہریوں کی مشکلات کے ازالے کے لئے متعلقہ محکمے فوری اقدامات اٹھائیں، محکمہ زراعت فصلوں کی باقیات کو جلانے پر پابندی پر سختی سے عملدرآمد کرائے۔ آلودگی پھیلانے والی صنعتوں کے خلاف قواعد و ضوابط کے تحت کارروائی کی جائے۔

واضح رہے کہ لاہور میں رات کو ہونے والی بارش کے بعد اسموگ میں کمی آئی ہے۔ محکمہ موسمیات نے آج مزید بارش کی پیشگوئی کرتے ہوئے کہا ہے کہ آج اور کل بارش کے باعث اسموگ میں کمی رہے گی، تاہم لاہور میں اسموگ کا خطرہ مکمل طور پر ٹلا نہیں ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔