سانحہ تیز گام غفلت برتنے پر 13 پولیس اہلکار معطل

معطل ہونے والے ریلوے پولیس اہلکاروں کا تعلق ٹنڈو آدم اور حیدرآباد ریلوے اسٹیشنز سے ہے، ریلوے ذرائع


ویب ڈیسک November 07, 2019
ریلوے پولیس لائن کراچی رپورٹ کرنے کی ہدایت کردی گئی ہے، ریلوے ذرائع ۔ فوٹو:فائل

سانحہ تیز گام میں غفلت برتنے پر 13 پولیس اہلکاروں کو معطل کردیا گیا۔

ریلوے ذرائع کے مطابق ریلوے پولیس حکام نے تیز گام ٹرین سانحہ میں فرائض میں غفلت برتنے پر کراچی ڈویژن پولیس کے 13 اہلکاروں کو معطل کر دیا اور انہیں ریلوے پولیس لائن کراچی رپورٹ کرنے کی ہدایت کی گئی ہے، معطل ہونے والے ریلوے پولیس اہلکاروں کا تعلق ٹنڈو آدم اور حیدرآباد ریلوے اسٹیشنز سے ہے۔

یہ پڑھیں: تیزگام میں مبینہ طور پر پھٹنے والا سلنڈر مل گیا

ریلوے ذرائع کے مطابق ریلوے پولیس کے ایک سو سے زائد اہلکاروں کو آزادی مارچ میں پہلے ہی بھیجا جا چکا ہے اور ریلوے اسٹیشنوں اور ٹرینوں میں سیکیورٹی کے لیے پہلے ہی پولیس اسٹاف کم ہے، ٹرینوں پر اب صرف دو پولیس اہلکار سیکیورٹی ڈیوٹی پر بھیجے جا رہے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: تیزگام میں آتشزدگی سے 74 مسافر جاں بحق

اس سے قبل بھی وزارت ریلوے کی جانب سے سانحہ تیز گام میں غفلت برتنے پر 6 افسران کو معطل کردیا گیا تھا اور وزارت ریلوے نے افسران کی معطلی کا نوٹی فکیشن جاری کیا تھا۔

اسی سے متعلق: غفلت برتنے پر چھ افسران معطل

واضح رہے کہ گزشتہ ماہ 31 اکتوبر کی صبح کراچی سے راولپنڈی جانے والی تیز گام ایکسپریس میں رحیم یار خان کے قریب آگ بھڑک اٹھی تھی جس کے نتیجے میں 74 مسافر جاں بحق اور 90 سے زائد زخمی ہوگئے تھے۔ ریلوے انتظامیہ کے مطابق حادثہ سلنڈر پھٹنے سے پیش آیا جب کہ عینی شاہدین کے ملے جلے بیانات میں یہ بات سامنے آئی کہ ٹرین میں آگ شارٹ سرکٹ کے باعث لگی۔

مقبول خبریں