پانی پر تیرنے والی ’سپر ہائیڈروفوبِک‘ دھات

ویب ڈیسک  جمعـء 8 نومبر 2019
یونیورسٹی آف روچیسٹر کے ماہرین نے پانی پر تیرنے والی حیرت انگیز دھات تیار کی ہے۔ فوٹو: نیواٹلس

یونیورسٹی آف روچیسٹر کے ماہرین نے پانی پر تیرنے والی حیرت انگیز دھات تیار کی ہے۔ فوٹو: نیواٹلس

 لندن: سائنسدانوں نے ’سپر ہائیڈروفوبِک مٹیریل‘ سے ایسی دھات تیار کی ہے جو پانی پر تیرتی رہتی ہے اور یہاں تک کہ اس میں سوراخ بھی کردیئے جائیں، تب بھی یہ دھات پانی میں ڈوبتی نہیں۔

واضح رہے کہ ہائیڈروفوبک کا مطلب ہوتا ہے ’’پانی کو دور بھگانے والا‘‘ اور ایسے مادوں کے بہت سے استعمالات سامنے آئے ہیں۔ ایسے مادے کسی سطح پر برف جمنے نہیں دیتے، برقی آلات کو واٹر پروف بناتے ہیں اور دیگر بہت سے کاموں میں استعمال ہوتے ہیں۔

یونیورسٹی آف روچیسٹر کے ڈاکٹر ایڈم فرینسٹر اور ان کے ساتھیوں نے ایک نئی قسم کا سپر ہائیڈروفوبک مٹیریل بنایا ہے جس سے بنی ہوئی دھات پانی پر تیرتی رہتی ہے۔ اس ایجاد میں چین کے ادارے چینگچن انسٹی ٹیوٹ آف آپٹکس، فائن مکینکس اینڈ فزکس نے بھی اہم کردار ادا کیا ہے۔

اس کےلیے لیزر کی مدد سے تبدیل شدہ المونیم کی سطح پر خردبینی اور نینو پیمانے پر خاص پیٹرن بنائے گئے جن میں ہوا بھر جاتی ہے۔ یہ ہوا دھات کو پانی میں ڈوبنے نہیں دیتی۔ اس طرح ایسی دھات وجود میں آئی جو کسی طور بھی نہیں ڈوبتی۔

اس ایجاد کی تفصیلات ایک تحقیقی مقالے کی صورت میں شائع کی گئی ہیں لیکن اسے تجارتی پیمانے پر بنانے میں ابھی کئی سال لگ سکتے ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔