نواز شریف کا نام ای سی ایل سے خارج نہ ہوسکا، لندن روانگی تاخیر کا شکار

ویب ڈیسک  ہفتہ 9 نومبر 2019
میاں شہبازشریف ، جنید صفدر، ڈاکٹر عدنان سمیت شریف فیملی کے دیگر افراد بھی نوازشریف کے ہمراہ لندن جائیں گے، ذرائع، فوٹو: فائل

میاں شہبازشریف ، جنید صفدر، ڈاکٹر عدنان سمیت شریف فیملی کے دیگر افراد بھی نوازشریف کے ہمراہ لندن جائیں گے، ذرائع، فوٹو: فائل

 لاہور: سابق وزیراعظم نواز شریف کا نام ای سی ایل سے نکل نہ سکا جس پر ان کی روانگی مزید تاخیر کا شکار ہوگئی۔

ذرائع کے مطابق حکومت کی جانب سے ای سی ایل سے نام نکالنے کا فیصلہ کیے جانے کے بعد سابق وزیراعظم نواز شریف کی بیرون ملک روانگی کو حتمی شکل دی جارہی ہے، نواز شریف نے اتوار کی صبح لندن جانے ارادہ کیا تھا تاہم نیب کی جانب سے ای سی ایل سے ان کا نام نہ نکالا جاسکا جس کے باعث ان کی روانگی مزید تاخیر کا شکار ہوگئی۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ میاں شہباز شریف، جنید صفدر، ڈاکٹر عدنان سمیت شریف فیملی کے دیگر افراد بھی نواز شریف کے ہمراہ لندن جائیں گے البتہ مریم نواز قانونی پابندیوں کے سبب ان کے ساتھ نہیں جاسکیں گی۔

ذرائع نے بتایا کہ نواز شریف کا نام ای سی ایل سے نکالنے کا معاملہ وزارت داخلہ نے نیب کو بھیج دیا ہے اور امکان یہی ہے کہ نواز شریف کو صرف ایک بار بیرون ملک جانے کی اجازت دی جائے گی تاہم نام تاحال ای سی ایل سے خارج نہیں ہوسکا ہے۔

نواز شریف کے خاندانی ذرائع نے بتایا ہے کہ نواز شریف پلیٹ لیٹس کی انتہائی کم تعداد کی وجہ سے عام کمرشل پرواز کے ذریعے سفر نہیں کر سکتے، نواز شریف نے بیرون ملک سفر کے لیے بکنگ کرالی ہے، انہیں قطر ایئر ویز کی ایئر ایمبولینس کے ذریعے پیر یا منگل کو روانہ کیا جائے گا ان کے ہمراہ ڈاکٹر عدنان بھی ہوں گے، نواز شریف پہلے دوحہ پہنچیں گے جہاں سے وہ لندن جائیں گے تاہم سب کو ایل سی ایل سے نام نکلنے کا انتظار ہے۔

ادھر ایوی ایشن ذرائع کا کہنا ہے کہ  سابق وزیراعظم میاں نواز شریف کو علاج کے لیے بیرون ملک لے جانے کے لیے دوحہ سے ائیر ایمبولینس منگوانے کا فیصلہ کیا گیا ہے، ایئر ایمبولینس آج شام یا کل صبح لاہور ایئرپورٹ پہنچ جائے گی۔

نواز شریف کی والدہ کا بھی کہنا ہے کہ بیٹے کا علاج بیرون ملک علاج کروایا جائے جب کہ شہباز شریف نے کہا ہے کہ آپ کی صحت کے حوالے سے بہت فکر مند ہیں، علاج کروانا بہت ضروری ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔