کے ایم سی کنٹریکٹ ملازمین کی ملازمت میں توسیع نہیں کررہی

مشینری پول ،فائربریگیڈ ،ملیریا کنٹرول اور اسپتالوں میں کام متاثر ہورہا ہے،ذوالفقار شاہ


Staff Reporter October 21, 2013
سن کوٹے کی فائلیں التوا اور ملازمین اوورٹائم سے محروم ہیں،ملازمین کو اعزازیہ دیا جائے۔ فوٹو: فائل

گاڑیوں کی مرمت نہ ہونے کے باوجود کے ایم سی اور ڈی ایم سیز کے ملازمین نے عیدالاضحی کے تینوں ایام میں صفائی ستھرائی کے مثالی اقدامات کرکے شہریوں کے دل جیت لیے۔

بلدیاتی عملہ اور افسران اس عمل پر مبارکباد کے مستحق ہیں، سجن یونین کے ایم سی کے مرکزی صدر سید ذوالفقار شاہ نے ان خیالات کا اظہار سجن یونین کے اجلاس سے خطاب میں کیا انھوں نے کہا کہ کے ایم سی کے کنٹریکٹ ملازمین کی سندہ اسمبلی کی پاس شدہ قرارداد کے مطابق مستقل کرنے کے بجائے کنٹریکٹ ختم ہونے پر توسیع نہیں دی جارہی، جس سے مشینری پول ،فائربریگیڈ ،ملیریا کنٹرول ،اسپتالوں میں کام متاثر ہورہا ہے۔



کنٹریکٹ ملازمین سے کام لیا جارہاہے لیکن ان کے کنٹریکٹ کی توسیع کی فائلیں ایڈمنسٹریٹر کے دفتر میں التوا کا شکار ہیں ، رات دن ملازمین کام کرنے کے باوجود اوورٹائم پالیسی نہ ہونے کی وجہ سے اوورٹائم سے محروم ہیں، سن کوٹے پر ملازمتوں کی فائلیں بھی التوا کا شکار ہیں،اس موقع پر خطاب میں رہنمائوں سردار محمد یونس،محمد صفدر،محمد روشن، محمد نذیر،ملک زمان نے کہا ہے کہ عیدالاضحیٰ میں تین روز کام کرنے والے، بارشوں میں ایمرجنسی ڈیوٹیاں دینے، ڈنگی مہم میں خدمات انجام دینے ،نالوں کی صفائی پر مامور عملے کو 2 بنیادی تنخواہیں بطور اعزازیہ ادا کی جائیں۔