سافٹ ویئر انجینئر دلہا کی شادی ہال میں خودکشی

21 سالہ سندیپ نے شادی ہال کے میک اپ روم کے پنکھے سے لٹک کر خود کشی کی


ویب ڈیسک November 11, 2019
سندیپ 21 سالہ سافٹ ویئر انجینئر تھا۔ فوٹو : بھارتی میڈیا

بھارت میں 21 سالہ سافٹ ویئر انجینئر نے اپنی شادی کے روز ہال کے میک اپ روم میں پنکھے سے لٹک کر خودکشی کرلی۔

بھارتی میڈیا کے مطابق شہر حیدرآباد کے ایک شادی ہال میں جشن کا سماں تھا، 21 سالہ سافٹ ویئر انجینئر سندیپ کی شادی تھی، دلہا دلہن کے گھر والے اور مہمانوں سے گہما گہمی عروج پر تھی۔ دلہن بھی منتظر تھی لیکن سندیپ میک اپ روم سے باہر نہ نکلا۔

اہل خانہ نے بوریت بھرے انتظار کے بعد دروازہ کھٹکھٹایا تو اندر سے جواب نہیں آیا جس پر تشویش کی لہر دوڑ گئی اور دروازے کو توڑ دیا گیا۔ میک اپ روم میں سندیپ پنکھے سے لٹکا ہوا تھا اور روح پرواز کر چکی تھی۔

شادی کی تقریب میں کہرام مچ گیا، سندیپ کو اسپتال لے جایا گیا جہاں ڈاکٹرز نے موت کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ سندیپ کو مرے ہوئے دو گھنٹے ہوگئے ہیں۔ ابتدائی طور پر خودکشی کی وجہ سامنے نہیں آسکی ہے۔ پولیس نے مقدمہ درج کرکے تحقیقات کا آغاز کردیا ہے۔