کینیڈا کا ارب پتی تاجر ذاتی جزیرے میں بھنگ کی کاشت کرنے پر گرفتار

بھنگ کاروباری مقاصد کے لیے نہیں بلکہ ذاتی استعمال کے لیے کاشت کی تھی، ارب پتی بزنس مین گائی لیلیبرٹی


ویب ڈیسک November 13, 2019
کینیڈا میں بھنگ کے استعمال پر پابندی اُٹھالی گئی لیکن کاشت اور کاروباری مقاصد کیلیے پر پابندی عائد ہے۔ فوٹو : فائل

کینیڈا میں ارب پتی بزنس مین گائی لیلیبرٹی کو اپنے ذاتی جزیرے پر بھنگ اگانے اور فروخت کرنے کے الزام میں گرفتار کرلیا گیا ہے۔

بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق کینیڈا کے بزنس مین اور انٹرٹینمنٹ کمپنی کے بانی گائی لیلیبرٹی کو پولینیسیا میں اپنے ذاتی جہاز سے اترنے کے بعد گرفتار کیا گیا ہے۔ انہیں جنوبی پیسیفک میں اپنے ذاتی جزیرے میں ممنوعہ بھنگ کاشت کرنے اور کاروباری مقاصد میں استعمال کرنے کے الزام میں حراست میں لیا گیا ہے۔

ادھر گائی لیلیبرٹی کی کمپنی لیون راؤج کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ کاشت کی گئی بھنگ کو صرف طبی اور ذاتی مقاصد کے لیے استعمال کیا جاتا ہے۔ اس حوالے سے پولیس کے لگائے گئے الزامات بے بنیاد ہیں۔ گائی لیلیبرٹی نے بھی خود پر لگائے گئے الزامات کی تردید کی ہے۔

دوسری جانب مقامی ٹیلی ویژن اسٹیشن کے مطابق پولیس نے چند ہفتے قبل لیلیبرٹی کے ساتھ کام کرنے والے ایک شخص سے منشیات اگانے کے شک میں پوچھ گچھ کی تھی کیونکہ ان کے موبائل فون میں بھنگ کی کاشت کی تصاویر موجود ہیں۔

واضح رہے کہ کینیڈا میں بھنگ کے استعمال پر گزشتہ سال قانونی قرار دیا جا چکا ہے تاہم بھنگ کی کاشت اور کاروباری مقاصد کے لیے استعمال پر اب بھی پابندی عائد ہے۔