اورنگی ٹاؤن میں بھتہ نہ دینے پر نجی اسکول کے قریب فائرنگطلبا میں خوف

فائرنگ اسکول کی عقبی گلی میں ہوئی ،کچھ عرصہ قبل اسکول انتظامیہ کوبھتے کی پرچی بھیجی گئی تھی،ایس پی اورنگی ٹاؤن


Staff Reporter October 23, 2013
بھتہ نہ دینے پر اسکولوں پر فائرنگ کے کئی واقعات رو نما ہو چکے، ایک واقعے میں اورنگی میں ہی اسکول کے ہیڈ ماسٹر کو قتل بھی کیا جا چکا فوٹو: فائل

اورنگی ٹاؤن میں بھتہ نہ دینے پر نجی اسکول کے قریب فائرنگ سے اسکول میں بھگدڑ مچ گئی اور خوف و ہراس پھیل گیا ۔

ایس پی اورنگی ٹاؤن کے مطابق فائرنگ اسکول کے عقبی گلی میں ہوئی ، کچھ عرصہ قبل اسکول انتظامیہ کو بھتہ طلب کرنے کا فون آیاتھا اس حوالے سے پولیس اپنی تحقیقات کر رہی ہے ، تفصیلات کے مطابق پاکستان بازار تھانے کی حدود اورنگی ٹاؤن سیکٹر ساڑھے گیارہ گلشن بہار میں بھتہ نہ دینے پر پرنس اسکول کے قریب فائرنگ سے اسکول میں بھگدڑ مچ گئی اور خوف و ہراس پھیل گیا ۔

اطلاع ملنے پولیس کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی اور علاقے کو گھیرے میں لے لیا ، پولیس ذرائع کے مطابق اسکول انتظامیہ کو حال میں بھتے کی پرچی بھیجی گئی تھی اور تین دن کی مہلت دی گئی جو گزرگئی اور بھتہ نہ دینے پر اسکول کے قریب فائرنگ کی گئی ، دوسری جانب ایس پی اورنگی ٹاؤن چوہدری اسد نے ایکسپریس کو بتایا کہ فائرنگ کا واقعہ اسکول کی عقبی گلی میں پیش آیا تھا اور صرف 2 ہوائی فائر کیے گئے ، انھوں نے بتایا کہ کچھ عرصہ قبل اسکول کی انتظامیہ کو بھتہ کی کال آئی تھی اور پولیس اس حوالے سے اپنی تحقیقات کر رہی ہے ۔



ایس ایچ او پاکستان بازار پرویز گجر سے ایکسپریس کو بتایا کہ نجی اسکول زاہد حسین مغل نامی شخص کا ہے اور کچھ عرصہ قبل اسکول کے ایک بچے نے ایک پرچی لا کر ہیڈ ماسٹر کو دی تھی جس پر ایک نمبر لکھا ہوا تھا اور اسکول انتظامیہ نے وہ پرچی پولیس کو دے دی تھی اور اس وقت سے اب تک اس پرچی پر لکھا موبائل فون نمبر بند ہے،پولیس نے اسکول کے بچوں سے بھی معلومات حاصل کی ہیں بچوں نے یہ بتایا کہ فائرنگ کی آوازیں آئی تھیں جس سے وہ خوف زدہ ہو گئے ، انھوں نے بتایا کہ پولیس جائے وقوعہ سے شواہد جمع کر کے تفتیش شروع کردی ہے ۔

انھوں نے بتایا کہ واقعے کا مقدمہ درج نہیں کیا گیا اگر اسکول انتظامیہ چاہے گی تو مقدمہ درج کر لیا جائے گا ، واضح رہے کہ اس سے قبل میں بھتہ نہ دینے پر اسکولوں پر فائرنگ کئی واقعات رو نما ہو چکے ہیں جبکہ ایک واقعے میں اورنگی میں ہی اسکول کے ہیڈ ماسٹر کو قتل بھی کیا جا چکا ہے ۔