گیس کی کمی سے بجلی گھر بند شہر میں لوڈ شیڈنگ 12 گھنٹے ہو گئی

کے ای ایس سی نے گیس کی کمی کے جواز پر220 میگاواٹ کا بجلی گھر بند کردیا


Staff Reporter October 24, 2013
کے ای ایس سی کے ترجمان کے مطابق سوئی سدرن گیس کمپنی کی جانب سے اچانک گیس کی فراہمی میں کمی کردی گئی ہے۔ فوٹو: فائل

ISLAMABAD: کراچی الیکٹرک سپلائی کمپنی(کے ای ایس سی) نے قدرتی گیس کی فراہمی میں کمی کو جواز بنا کر کورنگی بجلی گھر بند کردیا ہے۔

جبکہ شہر میں بجلی کی لوڈشیڈنگ کا دورانیہ 12 گھنٹے تک بڑھادیا گیا ہے کے ای ایس سی کے ترجمان کے مطابق سوئی سدرن گیس کمپنی کی جانب سے اچانک گیس کی فراہمی میں کمی کردی گئی ہے انھوں نے بتایا کہ بدھ کو کے ای ایس سی کو 160ایم ایم سی ایف ڈی گیس فراہم کی جارہی تھی جس کی وجہ کورنگی میں واقع کمبائنڈ سائیکل پاور پلانٹ سے بجلی کی فراہمی بند کردی گئی ہے،واضح رہے کہ کمبائن سائیکل پاور پلانٹ 220 میگاواٹ بجلی پیدا کرنے کی استعداد رکھتا ہے، ذرائع نے بتایا کہ کے ای ایس سی حکام نے بجلی کی پیداوار میں کمی کے بعد غیراعلانیہ طور پر شہر میں بجلی کی لوڈشیڈنگ کے دورانیے میں غیرمعمولی اضافہ کردیا ہے، شہر کے کئی علاقوں میں لوڈشیڈنگ کا دورانیہ12 گھنٹے سے تجاوز کرگیا ہے۔



واضح رہے کہ اس سے قبل بھی کے ای ایس سی مختلف حیلوں بہانوں سے لوڈشیڈنگ کے معمول کے دورانیے پر عمل نہیں کررہی تھی اور اس سے قبل شہر میں9 گھنٹے کی لوڈشیڈنگ کی جارہی تھی،سوئی سدرن گیس کمپنی کے ترجمان نے کہا ہے کہ گیس فیلڈز سے سپلائی میں کمی کی وجہ قدرتی گیس کا پریشر کم ہوگیا ہے جس کی وجہ سے کے ای ایس سی کو قدرتی گیس کی فراہمی میں کچھ کمی کئی گئی ہے تاہم انھوں نے کہا کہ کے ای ایس سی کو معمول کے مطابق گیس کی فراہمی آئندہ 24 گھنٹے میں بحال کردی جائے گی،طویل لوڈ شیڈنگ کے دوران شہر کے مخصوص علاقوںمیں رات بھر لوڈشیڈنگ کا سلسلہ جاری تھا جس کی وجہ سے شہری رات بھر سکون سے محروم رہے،شدید متاثرہ علاقوں میں کورنگی، لانڈھی، قائد آباد، عوامی کالونی، ملیر، شاہ فیصل کالونی، ابوالحسن اصفہانی روڈ، گلزار ہجری، نارتھ کراچی، نارتھ ناظم آباد، لیاقت آباد، عزیز آباد اورنگی ٹاؤن، کیماڑی، لائنز ایریا اور دیگر علاقے شامل ہیں۔