پی ٹی اے تھری جی اسپیکٹرم کی بروقت نیلامی یقینی بنائے انوشہ رحمن

وزیر مملکت برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی کا اتھارٹی ہیڈکوارٹرز کادورہ، نیلامی کے عمل پر بریفنگ دی گئی۔


Numainda Express October 24, 2013
اسلام آباد: وزیر مملکت برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی انوشہ رحمان کو پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی ہیڈکوارٹرز کے دورے کے موقع پر تھری جی اسپیکٹرم کی نیلامی کے حوالے سے بریفنگ دی جا رہی ہے ۔ فوٹو : اے پی پی

وزیر مملکت برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی انوشہ رحمان خان نے پاکستان میں نیکسٹ جنریشن نیٹ ورکس کی نیلامی کے عمل کے حوالے سے ممکنہ سرمایہ کاروں کو حکومت کی جانب سے مکمل تعاون اور شفافیت کی یقین دہانی کرائی ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) ہیڈکوارٹرز کے دورے کے موقع پر اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا، اس موقع پر قائم مقام چیئرمین پی ٹی اے ڈاکٹر سید اسماعیل شاہ، سیکریٹری انفارمیشن ٹیکنالوجی اینڈ ٹیلی کام اخلاق احمد تارڑ، ممبر فنانس طارق سلطان اور دیگر سینئر افسران بھی اس موقع پر موجود تھے۔ انوشہ رحمان نے پی ٹی اے کو اپنی جانب سے ہرممکن تعاون کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ وزارت نے اسپیکٹرم کی نیلامی کے لیے پالیسی جاری کر دی ہے لہٰذا پی ٹی اے اس کی بروقت اور کامیاب نیلامی کے عمل کو یقینی بنانے میں اپنا کردار ادا کرے۔

چیئرمین پی ٹی اے ڈاکٹر سید اسماعیل شاہ نے وزیر مملکت کو پاکستان میں اسپیکٹرم کی نیلامی کے مختلف پہلوؤں سے متعلق تفصیلی پریزینٹیشن دی جبکہ وزیر انفارمیشن ٹیکنالوجی کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ پالیسی ڈائریکٹو کے مطابق نیکسٹ جنریشن نیٹ ورکس کے اسپیکٹرم کی نیلامی کے لیے پی ٹی اے نے ضروری انتظامات کر لے ہیں، سینئر ڈایریکٹر جنرلز پر مشتمل 4 رکنی ٹیم اتھارٹی کی زیر نگرانی نیلامی کے عمل کے مختلف پہلوؤں کو حتمی شکل دینے کے لیے تندہی سے کام کر رہی ہے۔



اسپیکٹرم آکشن کے عمل کے لیے مشیر کی خدمات کے حصول کے حوالے سے قومی اور بین الاقوامی ذرائع ابلاغ میں اشتہار شائع کر دیا گیا ہے، اس سلسلے میں فنانشل اور ٹیکنیکل پروپوزل جمع کرانے کی آخری تاریخ 12 نومبر مقرر کی گئی ہے۔ وزیر مملکت کو ٹیلی کام سیکٹر کو درپیش چیلنجز اور ریگولیٹر کی جانب سے ان کے حل کے لیے جاری مسلسل کاوشوں سے متعلق بھی بریفنگ دی گئی۔ چیئرمین پی ٹی اے نے کہاکہ نیکسٹ جنریشن سروسز کے آغاز سے پاکستان میں سیل فون کے صارفین مستقبل میں اپنے موبائل کے ذریعے ہائی اسپیڈ ڈیٹا بھیج اور وصول کر سکیں گے، ہائی اسپیڈ ڈیٹا سے مراد ویڈیو کالز، انٹرنیٹ براؤزنگ اور زیادہ تیز رفتاری سے ڈاؤن لوڈنگ ہے۔ بعد ازاں وزیر مملکت نے پی ٹی اے میں تعینات خواتین اسٹاف اور افسران سے بھی ملاقات کی اور ان سے ادارے کے ماحول سے متعلق بات چیت کی۔ انہوں نے خواہش ظاہر کی کہ خواتین اسٹاف کو ادارے اور ملک کے لیے فعال کردار ادا کرنا چاہیے۔