عالمی یوم انسداد پولیو وائرس پر شہر میں آگہی تقریبات کا انعقاد

محکمہ صحت ، ای پی آئی اور اضلاع میں واک اور آگہی پروگرام منعقد کیے گئے۔


Staff Reporter October 25, 2013
ملک بھر سے کراچی آنے والے مسافروں کے بچوں کوکینٹ اسٹیشن کے باہر پولیو سے بچاؤ کی حفاظتی خوراک پلائی جارہی ہے (فوٹو ایکسپریس)

SUKKUR: پاکستان سمیت دنیا بھر میں پولیو وائرس کے خلاف عالمی دن منایا گیا اس دن کی مناسبت سے کراچی کے پانچوں اضلاع میں مختلف تقریبات منعقدکی گئیں اور ضلعی انتظامیہ کے تحت آگاہی پروگرام اور واک منعقدکی گئی۔

ضلع وسطی میں ڈپٹی کمشنر ڈاکٹرسیف الرحمن کی سربراہی میں ورکشاپ اورآگاہی واک کا اہتمام کیاگیا اس موقع پر انھوں نے کہا کہ بچوں کوپولیوکی حفاظتی خوراک پلاکر بچوں کو وائرس سے محفوظ رکھاجائے انھوں نے کہاکہ پولیو وائرس کے عالمی دن کے موقع پر ہمیں عہدکرنا ہوگا کہ بچوں کو وائرس کے خلاف حفاظتی ویکسین پلائی جائے، پولیو وائرس کے عالمی دن کے حوالے سے ضلعی جنوبی، شرقی سمیت دیگر اضلاع میں بھی مختلف تقریبات منعقد کی گئیں جس میں مختلف ماہرین نے حفاظتی ویکسین کی افادیت سے آگاہ کیا۔



صوبائی محکمہ صحت اورای پی آئی کی جانب سے انسداد پولیو وائرس کی تقریبات منعقد کی گئیں جس میں ماہرین صحت پولیو وائرس کے خلاف تباہ کاریوں اور انسداد پولیومہم کی افادیت کو اجاگرکیا،واضح رہے کہ دنیا بھر میں انسداد پولیومہم پہلی بار 1988میں چلائی گئی، پاکستان میں 19سال سے انسداد پولیو مہم کے بعد پولیوکیسوں کی تعداد میں نمایاںکمی واقع ہوئی ہے اس وقت ملک میں مجموعی طورپر 28 پولیوکیسوں کی تصدیق کی گئی ہے، ملک بھر پانچ سال تک کی عمرکے بچوں کی تعدادساڑھے 3 کروڑ بتائی جاتی ہے پاکستان میں یہ مہم عالمی ادارہ صحت، یونیسف سمیت دیگر عالمی اداروں کے اشتراک سے چلائی جارہی ہے۔