کراچیعذیربلوچ کے گھرچھاپہ ٹارگٹڈ آپریشن154گرفتار

رینجرز کی بھاری نفری نے سنگو لین اور دیگر علاقوں میں داخل ہونے کے بعد علاقے کے داخلی اورخارجی راستے بند کر دیے


Staff Reporter October 25, 2013
حراست میں لیے جانے والے گینگسٹرکے قبضے سے 18اقسام کے چھوٹے بڑے ہتھیار برآمد کر لیے.فوٹو :ایکسپریس ۔فائل

شہرکے مختلف علاقوں میں پولیس اوررینجرز نے ٹارگٹڈآپریشن کے دوران لیاری گینگ وار کے 8 ملزمان سمیت 154ملزمان کوگرفتار کر کے دستی بم اور جدید اسلحہ برآمد کر لیا ۔

تفصیلات کے مطابق رینجرز کی بھاری نفری نے لیاری کے علاقے سنگو لین اور اس سے متصل دیگر علاقوں میں داخل ہونے کے بعد علاقے کے داخلی اورخارجی راستے بند کر دیے اورگھر گھر تلاشی کا عمل شروع کردیا ، ٹارگٹڈ سرچ آپریشن کے دوران رینجرز کے کمانڈوزاور لیڈی سرچر بھی موجود تھیں جبکہ ٹارگٹڈ آپریشن کے دوران سراغ رساں کتوں کی مدد بھی حاصل کی گئی،سنگو لین میں واقعے کالعدم تنظیم پیپلز امن کمیٹی کے سر براہ عزیز بلوچ کے گھر کا گھیراؤ کر کے چھاپہ ماراگیاتاہم عذیر بلوچ کی گرفتاری عمل میں نہیں آسکی،علاقے کے سرچ آپریشن کے دوران عذیربلوچ کے گھرکے قریب قائم رکاوٹیں بھی ہٹادیںاور لیاری کے مختلف علاقوں میں لگی ہوئی عذیربلوچ کے بینرز اورتصاویریں بھی اتاردیں۔

ترجمان رینجرزکے مطابق حراست میں لیے جانے والے گینگسٹرکے قبضے سے 18اقسام کے چھوٹے بڑے ہتھیار برآمد کر لیے جس میں ہنڈ گرینیڈ،ایس ایم جیز اور دیگر جدید اسلحہ شامل ہیں ،گرفتارملزمان میں اہم ملزم چھوٹا گھیگھابھی شامل ہے ۔رینجرز نے لیاقت آباد ،جٹ لین ، برنس روڈ ، بلال کالونی ، اورنگی ٹاؤن لانڈھی ، انگارہ گوٹھ ، شر گوٹھ، پہلوان گوٹھ کورنگی رفاع عام سوسائٹی لیاری ایکسپریس وے ، اولڈ مظفر آباد کالونی ، اعظم بستی میں ٹارگٹڈ آپریشن اوررینجرزاپریشن کے دوران 29 جرائم پیشہ عناصر کو حراست میں لے کر اسلحہ اوردیگر سامان برآمد کر لیاگیا ، ترجمان سندھ رینجرز کے مطابقحراست میں لیے جانے والے ملزمان میں گینگ وار سے تعلق رکھنے والے اور سیاسی جماعتوں سے تعلق رکھنے والے ملزمان شامل ہیں، ضلع ملیر پولیس نے پولیس اہلکاروں کے قتل میں ملوث ملزمان کی موجودگی کی اطلاع پر سپر ہائی وے ٹول پلازہ کے قریب واقعے فینسی ویو میں ٹارگٹ آپریشن کے دوران ٹارگٹڈ آپریشن کے دوران 25 ملزمان کو گرفتار کر لیا۔

ایس پی عباس رضوی نے ایکسپریس کو بتایا کہ گرفتار کیے جانے والے ملزمان کے قبضے سے مختلف اقسام کے ہتھیار اور دیگر سامان برآمد کر لیا گیا۔انھوں نے دعویٰ کیاکہ ٹارگٹڈ آپریشن کے دوران پولیس اہلکاروں کے قتل میں ملوث گروپ کے ارکان سمیت قتل ، اقدام قتل ، ڈکیتی اور اسٹریٹ کرائم سمیت سنگین جرائم میں ملوث ملزمان کو گرفتار کیا گیاہے۔ساؤتھ زون پولیس نے چھاپہ مار کارروائیوں میں19جرائم پیشہ عناصر کو گرفتار کر کے ان کے قبضے سے2 پستول7راؤنڈ ایک موٹر سائیکل اور منیشات برآمد کر لی۔ایس ایس پی ساؤتھ منیر احمد شیخ کے مطابق گرفتار ملزمان میں11مفرور 3اسٹریٹ کرمنل اور5دیگرملزمان شامل ہیں،گرفتار ملزمان کے خلاف مختلف نوعیت کے مقدمات درج کر لیے گئے ہیں۔

ویسٹ پولیس نے چھاپہ مار کارروائیوں میں 38 جرائم پیشہ عناصرکو گرفتار کر کے ان کے قبضے 3 ایس ایم جیز ، ایک ریوالور10پستول 56 راؤنڈ ، نقد رقم13موبائل فون اور2 موٹر سائیکلیں برآمد کر لیں،گرفتار ملزمان میں اتحاد ٹاؤن سے گرفتار کیا جانے والا ایک بھتہ خور بھی شامل ہے۔ایسٹ زون پولیس نے چھاپہ مار کارروائیوں میں33 جرائم پیشہ عناصر کو گرفتار کر کے10پستول 49 راؤنڈ ایک موبائل فون اور ایک موٹر سائیکل برآمد کر لی، گرفتار ملزمان میں 2 اشتہاری اور 10مفرور ملزمان بھی شامل ہیں۔عزیز آباد پولیس نے فائرنگ کے تبادلے کے بعدفیصل چٹہ اورمحسن کالا کو گرفتار کر کے مسروقہ موٹر سائیکل رجسٹریشن نمبر KBU-4706اور 2 ٹی ٹی پستول اور15راؤنڈ برآمدکرلیے۔رینجرز نے محمود آباد کے علاقے چنیسر گوٹھ میں ٹارگٹڈ آپریشن کے دوران ایک سیاسی جماعت سے تعلق رکھنے والے 4 افراد کو حراست میں لے کر تفتیش کے لیے نامعلوم مقام پرمنتقل کر دیا۔