قائداعظم ٹرافی کرکٹ سیالکوٹ نے لاہور راوی کو اننگز سے مات دے دی

لاہور شالیمار کی کراچی وائٹس کے ہاتھوں شکست یقینی،پریذیڈنٹ کپ میں این بی پی نے پی آئی اے کو7وکٹ سے ہرا دیا


Sports Reporter October 26, 2013
میزبان ٹیم نے270 رنز بنائے، وقاص سلیم60،عمر صدیق 56 اورجنید علی49 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔ فوٹو: اے ایف پی / فائل

قائد اعظم ٹرافی کے پہلے رائونڈ میں سیالکوٹ نے لاہور راوی کو اننگز اور52رنز سے مات دیدی،لاہور شالیمار کی کراچی وائٹس کے ہاتھوں شکست یقینی ہے۔

پریذیڈنٹ کپ میں این بی پی نے پی آئی اے کو7وکٹ سے ہرا دیا،سمیع اسلم کی سنچری، کے آر ایل نے پی ٹی وی کو6 وکٹ سے ٹھکانے لگا دیا،ایس این جی پی ایل نے پورٹ قاسم کو5 رنز سے قابو کیا،عمران علی نے میچ میں13 وکٹیں لیں۔ تفصیلات کے مطابق ایل سی سی اے گرائونڈ پر فالوآن پر مجبور ہونے والی لاہورراوی نے دوسری اننگز میں220 رنز بنائے مگر شکست ہی مقدر بنی، عدنان دانش نے60 اور ذیشان علی نے50 رنز جوڑے،نبیل ملک نے4 اورمنصور امجد نے3 کھلاڑیوں کو میدان بدرکیا۔ایبٹ آباد نے دفاعی چیمپئن کراچی بلوز کے خلاف نیشنل اسٹیڈیم پر دوسری اننگز میں 2وکٹ کے نقصان پر56 رنز بنائے، قبل ازیں کراچی بلوز کی ٹیم343 رنز اسکور کرنے میں کامیاب رہی، اشرف علی4 رنز کی کمی سے سنچری مکمل نہ کر سکے ، فراز احمد نے 86 رنز کا حصہ ڈالا، عزیز الرحمان نے3وکٹیں حاصل کیں۔

قذافی اسٹیڈیم میں کراچی وائٹس کیخلاف لاہورشالیمار کو شکست کا سامنا ہے، میزبان ٹیم نے270 رنز بنائے، وقاص سلیم60،عمر صدیق 56 اورجنید علی49 رنز کے ساتھ نمایاں رہے، ٹیم فالوآن کے بعد دوسری اننگز میں بھی بے بس رہی اور محض112 رنز پر7 وکٹیں گر گئیں، فہیم سینئر نے4اور شہزاد نے 2 کھلاڑیوں کو میدان بدر کیا۔ مشکلات کا شکار بہاولپور ٹیم راولپنڈی کیخلاف151رنز پر آئوٹ ہو گئی،حسیب اعظم اور اختر ایوب نے4،4وکٹیں لیں، دوسری اننگز میں بھی ٹیم سنبھل نہ سکی اور 166 رنز پر3کھلاڑی پویلین لوٹ گئے، عبدالباسط 86 رنز کے ساتھ کریز پر ہیں۔ حیدر آباد کے نیاز اسٹیڈیم میں کوئٹہ نے حیدرآباد کیخلاف8 وکٹ پر 283 رنز بنا لیے۔



تیمور خان نے110 رنز اسکور کیے، فیصل آباد میں ملتان کیخلاف میزبان ٹیم نے350 رنز بنائے اور7 کھلاڑی آئوٹ ہوئے ،ذیشان آصف نے102 رنز بنائے جبکہ فہیم آصف نے50 رنز کا حصہ ڈالا،دوسری جانب پریذیڈنٹ ٹرافی گریڈ ون ٹورنامنٹ میں پی آئی اے کی ٹیم218 رنز جوڑ سکی،عدنان رسول نے 4 کھلاڑیوں کو میدان بدرکیا،این بی پی نے 56 رنز کا آسان ہدف3 وکٹیں گنوا کر حاصل کرلیا۔کے آر ایل گرائونڈ پر میزبان نے پی ٹی وی کو6 وکٹ سے مات دیدی، ناکام ٹیم نے پہلی اننگز میں125 رنز بنانے کے بعددوسری میں233 رنز اسکورکیے،رضوان اکبر نے5 وکٹیں لیں، کامیاب ٹیم نے 203 رنز کا ہدف3وکٹ پر حاصل کرلیا۔

پنڈی اسٹیڈیم میں ایس این جی پی ایل نے دلچسپ مقابلے کے بعد پورٹ قاسم اتھارٹی کو5 رنز سے زیر کیا،ناکام ٹیم دوسری باری میں151بنا سکی،پہلی اننگزمیں8 وکٹیں حاصل کرنے والے عمران علی نے دوسری اننگز میں بھی عمدہ بولنگ کرتے ہوئے5کھلاڑیوں کو آئوٹ کرکے مجموعی طور پرمیچ میں13 وکٹیں اپنے نام کیں۔اسلام آباد کے ڈائمنڈ گرائونڈ پر اسٹیٹ بینک کی ٹیم دوسری اننگز میں293 رنز جوڑنے میں کامیاب رہی، رضوان حیدر نے60 رنز بنائے،سرمد انور نے4 کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا، جواب میں ایچ بی ایل نے2وکٹ پر9 رنز بنائے،مرغزار گرائونڈ پرواپڈا نے اپنی دوسری اننگز 8 وکٹوں پر237 رنز بنا کر ڈیکلیئرڈ کر دی،زیڈ ٹی بی ایل نے دوسری باری میں ایک وکٹ پر 29 رنز بنالیے۔