کورنگی میں ماں بیٹی کو قتل کرنیوالے مفرور میاں بیوی گرفتار

قاتل میاں بیوی گلشن خاتون کے کرائے دار تھے،ہتھوڑے سے ماں اور بیٹی کو قتل کیا،بچیوں کو ٹینک میں پھینک دیا


Staff Reporter October 27, 2013
قتل کی واردات کے دوران بچ جانیوالی صبور واقعے کی تفصیلات بتارہی ہے،احمد چنائے موجود ہیں ۔ فوٹو : ایکسپریس

پولیس نے کورنگی میں2 ماہ قبل قتل کی جانے والی ماں اور بیٹی کے قتل میں ملوث میاں بیوی کو نیوکراچی سے گرفتار کرلیا۔

قاتل مقتولین کے کرائے دار تھے اور ڈکیتی کے دوران مزاحمت پر مقتولین کو ہتھوڑے کے وار کرکے قتل کیا گیا تھا،ملزمان مقتولہ کی دوسری بیٹی کو مردہ سمجھ کر چھوڑ گئے تھے جوکہ زندہ بچ گئی تھی،30 اگست کو کورنگی صنعتی ایریا میں ملزمان ہتھوڑے کے وار کرکے گلشن خاتون زوجہ عامر عباس، اس کی بیٹی8 سالہ ایمان اور صبور کو قتل کرکے فرار ہوگئے تھے ،معجزانہ طور پر صبور زندہ بچ گئی تھی، قاتلوں نے بچیوں کو گھر میں بنے پانی کے ٹینک میں پھینک دیا تھا۔



گارڈن ہیڈ کوارٹرز میں پریس کانفرنس سے خطاب میں ایس پی اینٹی وائلنٹ کرائم سیل اظفر مہیسر نے بتایا اینٹی وائلنٹ کرائم سیل اور سی پی ایل سی نے مشترکہ کارروائی میں نیو کراچی سے ملزمان میاں بیوی محمد اعظم اور ملزمہ نصرت کو گرفتار کرلیا، ملزمان مقتولہ کے کرائے دار تھے اور وقوعے کے وقت وہ گھر میں ڈکیتی کی نیت سے داخل ہوئے کہ اس دوران مزاحمت پر انھوں نے گلشن خاتون پر ہتھوڑے برسادیے،ملزمہ نصرت مقتولہ کے گھر کے کام کاج بھی کرتی تھی۔

واردات کے بعد ملزمان اپنے آبائی گاؤں ضلع بہاولنگر فرار ہوگئے تھے اور چند روز قبل ہی کراچی آئے تھے، پریس کانفرنس میں سی پی ایل سی کے سربراہ احمد چنائے نے بتایا کہ مذکورہ کیس جب سی پی ایل سی کے پاس آیا تو پوری تندہی سے کیس پر کام شروع کیا گیا اور ملزمان کے موبائل فون ڈیٹا کے ذریعے ان کا سراغ لگایا گیا ، متعدد بار چھاپے مارے گئے لیکن وہ مفرور ہوجاتے تھے، بالآخر جمعہ اور ہفتہ کی درمیانی شب نیو کراچی کے گوٹھ سے ملزمان کو گرفتار کرلیا گیا۔