مرکزی کنٹرول روم سے محرم میں سیکیورٹی کی جانچ کی جائےشاہد حیات

محرم پر سیکیورٹی اقدامات کے لیے شیعہ علماء اورپولیس افسران کا سی پی اومیں اجلاس


Staff Reporter October 27, 2013
ایڈیشنل آئی جی شاہد حیات محرم میں سیکیورٹی اقدامات پر منعقدہ اجلاس کی صدارت کر رہے ہیں ۔ فوٹو : ایکسپریس

اشتعال انگیز تقاریر پر مشتمل مواد، دل آزار وال چاکنگ کرنے والے عناصر کے خلاف کارروائی کی جائے ۔

مرکزی مساجد و امام بارگاہوں ، مرکزی مجالس کے مقامات پر اسکینرز، واک تھرو گیٹس کی تنصیب ، شرکا کی تلاشی ، مرکزی جلوسوں کی مانیٹرنگ و راستوں کی کڑی نگرانی،ٹیکنیکل سوئپنگ ، کلیئرنس اور پارکنگ سے متعلق اقدامات کیے جائیں،یہ ہدایات ایڈیشنل آئی جی کراچی شاہد حیات نے محرم الحرام کے ہنگامی پلان کی تیاری کے حوالے سے مرکزی پولیس دفتر میں اعلیٰ سطحی اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے دیں جس میں اہل تشیع مکتبہ فکر کے وفد کے علاوہ پولیس کے اعلیٰ افسران نے بھی شرکت کی،شاہد حیات نے کہا کہ جلوسوں میں شامل گاڑیوں کو چھان بین کے بعد خصوصی اسٹیکرز جاری ہونگے۔



جبکہ مرکزی جلوس کے راستوں پر آنے والی دکانوں ، مکانوں کی تصدیق اور رجسٹریشن کے علاوہ دکانوں ، خالی مکانوں و فلیٹوں کو سیل کرنے اور متعلقہ ایس ایچ اوز کو باقاعدہ ان کی نگرانی دی جائے،محرم الحرام کی سیکیورٹی کے تناظر میں پولیس رینج ، ڈسٹرکٹ اور زون کی سطح پر تمام علما کرام ، ذاکرین ، مجالس و جلوسوں کے منتظمین سے مسلسل روابط یقینی بنائیں، ہنگامی پلان کے تحت مرکزی پولیس دفتر میں قائم مرکزی کنٹرول روم اور کمانڈ سینٹر سے سیکیورٹی اقدامات کی جانچ کی جائے، محرم پر سیکیورٹی انتظامات کے لیے انٹیلی جنس نیٹ ورک کو فعال کردیا جائے،حساس علاقوں میں پولیس دستوں کا گشت ، اسنیپ چیکنگ ، ناکہ بندی سمیت سخت چیکنگ جیسے امور پر بھی خصوصی توجہ دی جائے تاکہ کسی بھی غیر معمولی صورتحال کو قبل از وقت ناکام بنا دیا جائے۔