9 اور 10 محرم الحرام کو ڈبل سواری پر پابندی کاامکان

چیف سیکریٹری نے سیکیورٹی سے متعلق سفارشات وزیر اعلیٰ سندھ کو بھیج دیں


Staff Reporter October 29, 2013
دفعہ 144 کے تحت اسلحہ کی نمائش یا اسے ساتھ لے کر چلنے پر پابندی عائد کی ،چیف سیکریٹری کی سفارشات۔ فوٹو: نیفر سیگل/ایکسپریس/فائل

چیف سیکریٹری سندھ محمد اعجاز چوہدری نے کہا ہے کہ حفاظتی اقدامات سے متعلق فرائض کار میں کسی غفلت اور لا پر وائی پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہو سکتا ۔

چنانچہ انتظامیہ و پولیس افسران و اہلکار سمیت تمام متعلقین اپنے فرائض جانفشانی اور دیانت کے ساتھ انجام دیں تاکہ ان کا حسن کارکردگی صوبے میں امن وامان کے استحکام کا ضامن ہوسکے ،ان خیالات کاا ظہار چیف سیکریٹری سندھ نے پیر کو ایک اعلیٰ سطح اجلاس کی صدارت کر تے ہو ئے کیا ، اجلاس میں 9 اور 10 محرم الحرام کے سلسلے میں حفاظتی اقدامات سے متعلق مربوط حکمت عملی مرتب کرنے کے لیے سفارشات مرتب کی گئیں کہ 9 اور 10 محرم الحرام کو موٹر سائیکل اور اسکوٹر پر ڈبل سواری ممنوع قرار دی جائے ۔



دفعہ 144 کے تحت اسلحہ کی نمائش یا اسے ساتھ لے کر چلنے پر پابندی عائد کی جائے ، وال چاکنگ ، قابل اعتراض نعروں ، پارٹی کے جھنڈے لہرانے اور دیگر متنازعہ امور کی قانون کے تحت گرفت یقینی بنائی جائے،امن و امان برقرار رکھنے کے لیے سفارشات وزیر اعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ کو منظوری کے لیے ارسال کردی گئی ہیں ، علاوہ ازیں اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ بلدیات کے ایڈمنسٹریٹر متعلقہ ڈویژنل و ڈپٹی کمشنرز کی مشاورت سے مانیٹرنگ ٹیمیں تشکیل دیں گے جو جلوس اور مجالس کی موثر مانیٹرنگ کریں گی۔