شام میں اسکول اور بازار پر فضائی حملوں میں بچوں سمیت 20 افراد جاں بحق

ویب ڈیسک  منگل 3 دسمبر 2019
اسکول پر حملے میں بچے بھی جاں بحق ہوئے۔ فوٹو :اے ایف پی

اسکول پر حملے میں بچے بھی جاں بحق ہوئے۔ فوٹو :اے ایف پی

ادلب: شام میں اتحادی افواج نے اسکول اور بازار پر فضائی حملے کیے جس کے نتیجے میں 20 افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہوگئے۔

بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق شام کے شہر ادلب کے علاقے میں فضائی حملے کیے گئے جس کی زد میں بازار اور اسکول بھی آگئے، حملے میں 20 افراد ہلاک ہوگئے جب کہ درجنوں زخمی ہیں۔ قبل ازیں حکومتی فورسز اور جنگجوؤں کے درمیان جھڑپ میں 50 سے زائد ہلاکتیں ہوئی تھیں۔

شام میں انسانی حقوق کے مبصر کا کہنا ہے کہ فضائی حملے دو مارکیٹوں اور اسکول کے نزدیک کیے گئے، مارکیٹوں پر حملے میں 11 جب کہ اسکول پر حملے میں 9 افراد ہلاک ہوئے جن میں بچے بھی شامل ہیں۔

ریسکیو اداروں نے امدادی کاموں کا آغاز کرتے ہوئے ہلاک اور زخمی ہونے والوں کو قریبی اسپتال منتقل کیا جہاں 4 زخمیوں کی حالت نازک بتائی جا رہی ہے جس کے باعث ہلاکتوں میں اضافے کا بھی خدشہ ظاہر کیا جارہا ہے۔

شام کے اکثر علاقوں سے جنگجوؤں کا قبضہ واگزار کروا لیا گیا ہے لیکن ادلب کے قبضے کے لیے کچھ علاقوں میں اب بھی گھمسان کی جنگ جاری ہے تاہم اس میں زیادہ تر معصوم شہریوں کا جانی و مالی نقصان ہو رہا ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔