قیمتوں کو کنٹرول کرنے کے حوالے سے ہرہفتے اجلاس ہوگا، وزیراعظم

ویب ڈیسک  جمعرات 5 دسمبر 2019
قیمتوں پر موثر کنٹرول کے لئے تمام انتظامی اقدامات کو یقینی بنایا جائے، وزیراعظم۔ فوٹو:فائل

قیمتوں پر موثر کنٹرول کے لئے تمام انتظامی اقدامات کو یقینی بنایا جائے، وزیراعظم۔ فوٹو:فائل

 اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ قیمتوں کو قابو میں رکھنے کے حوالے سے ہر ہفتے اجلاس ہوگا جس کی صدارت خود کروں گا۔

وزیراعظم کی زیر صدارت اعلی سطح اجلاس ہوا، جس میں وزیر اعلی پنجاب عثمان بزدار اور پختون خوا محمود خان، وزیرِ منصوبہ بندی اسد عمر، وزیر برائے نیشنل فوڈ سیکیورٹی مخدوم خسرو، مشیر تجارت رزاق داوٴد، معاون خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان، صوبائی چیف سیکرٹریز و دیگر سینئر افسران شریک ہوئے۔

اجلاس میں قیمتوں میں کمی کے حوالے سے صوبائی حکومتوں کے اقدامات کا جائزہ لیا گیا جب کہ چیف سیکرٹریز کی وزیراعظم کو قیمتوں میں کمی کے اقدامات پر بریفنگ دی، اور حکومت کی جانب سے کیے جانے والے انتظامی و دیگر اقدامات سے آگاہ کیا۔

وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ غریب اور کم آمدنی والے افراد کو ریلیف کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیح ہے، قیمتوں پر موثر کنٹرول کے لئے تمام انتظامی اقدامات کو یقینی بنایا جائے، قیمتوں کو قابو میں رکھنے کے حوالے سے ہر ہفتے اجلاس ہوگا جس کی صدارت خود کروں گا۔

عمران خان نے کہا کہ ملکی ضروریات کے پیش نظر اشیائے ضروریہ کی فراہمی کو یقینی بنانے کے لئے مستقبل کی منصوبہ بندی کے حوالے سے ایک مربوط نظام تشکیل دیا جائے، جہاں ملکی ضروریات کو پیش نظر رکھتے ہوئے مطلوبہ اجناس کی کاشت کو یقینی بنایا جا سکے وہاں برآمدات اور درآمدات کے حوالے سے بھی بروقت فیصلے لیے جا سکیں۔

اشیائے خورونوش، ادویہ اور دیگر اشیا میں ملاوٹ کی شکایت پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے وزیراعظم کا کہنا تھا کہ اشیائے خورونوش میں ملاوٹ ایک سنجیدہ مسئلہ ہے جس سے معاشرے اور خصوصاًہمارے بچوں کی صحت کو خطرات لاحق ہیں، پہلے مرحلے میں ملاوٹ کے حوالے سے مکمل ڈیٹا اکٹھا کیا جائے تاکہ مختلف اشیا میں ملاوٹ کے حوالے سے تفصیلی ڈیٹا میسر آئے اور اسی ڈیٹا کی بنیاد پر ملاوٹ کا سدباب کرنے کے حوالے سے ایکشن پلان ترتیب دیا جائے۔

 

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔