کے ای ایس سی کے مراکزشکایات بھی لوڈشیڈنگ سے متاثر

صارفین کو دفاتر میں گھنٹوں ڈپلیکیٹ بلوں کے حصول کیلیے انتظارکرنا پڑتا ہے


Staff Reporter October 30, 2013
کے ای ایس سی کا دعویٰ ہے کہ اس نے گزشتہ 100 سالوں سے شہر کو روشنیوں کا شہر بناکر رکھا ہے

پورے شہر کو لوڈشیڈنگ سے دوچار کرنے والے ادارے کراچی الیکٹرک سپلائی کمپنی کے اپنے دفاتر بھی بجلی سے محروم ہیں اور صارفین کو کے ای ایس سی کے دفاتر میں گھنٹوں ڈپلیکیٹ بلوں کے حصول کے لیے انتظارکرنا پڑتا ہے۔

منگل کو صبح کے اوقات میں گلستان جوہر کے ای ایس سی کے آفس میں صارفین اس وقت حیران رہ گئے جب دفتر کی بجلی غائب ہوگئی اور کمپویٹر بند ہوگئے اور عملے نے کام روک دیا ،اس موقع پر مرکز شکایات آنے والے درجنوں صارفین نے حیرت زدہ ہوکر کہا کہ کے ای ایس سی صد سالہ تقریبات کا انعقاد کر رہی ہے اور اس کا دعویٰ ہے کہ اس نے گزشتہ 100 سالوں سے شہر کو روشنیوں کا شہر بناکر رکھا ہے اور حال یہ ہے کہ کے ای ایس سی کا دفتر خود بجلی سے محروم ہے۔

صارفین نے مطالبہ کیا کہ گلستان جوہر کے ای ایس سی کے دفتر میں کم ازکم جنریٹر کا ہی انتظام کرلیا جائے تاکہ دفتری کام چلتا رہے اور بلنگ کے مسائل کے سلسلے میں دفتر آنے والے صارفین کو طویل انتظار نہ کرنا پڑے۔