کراچی میں ٹارگٹڈ آپریشن جاری 4 طالبان دہشت گردوں اور گینگ وار ملزمان سمیت 134 گرفتار

رینجرز،پولیس کی مختلف علاقوں میں کارروائیاں، دھماکا خیزمواد،راکٹ لانچر، گرینیڈ،بھاری اسلحہ، گولیاں اورمنشیات برآمد


Staff Reporter October 30, 2013
سارا ویو سہراب گوٹھ اورگلشن بونیرمیں کالعدم تنظیم کیخلاف کارروائی، 16 ملزمان گرفتار۔۔ فوٹو :ایکسپریس ۔فائل

رینجرز اور پولیس نے شہرکے مختلف علاقوں میں ٹارگٹڈآپریشن کے دوران کالعدم تنظیم کے 4 دہشت گردوں،لیاری گینگ وارکے ملزمان سمیت 134 ملزمان کو گرفتار کرکے دھماکاخیز مواد،دستی بم، راکٹ لانچر اور بھاری مقدار میں اسلحہ، گولیاں اورمنشیات برآمد کرلی۔

تفصیلات کے مطابق رینجرز نے کالعدم تنظیم کے دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع پر سارا ویو سہراب گوٹھ اورگلشن بونیرمیں ٹارگٹڈآپریشن کرتے ہوئے 16ملزمان کو حراست میں لے لیا۔ترجمان سندھ رینجرزکے مطابق حراست میں لیے جانے والے ملزمان میں کالعدم تنظیم تحریک طالبان کے4 دہشت گردی بھی شامل ہیں۔ علاوہ ازیں رینجرز نے لیاری کے علاقے چاکیواڑہ ،پیپلز فٹبال اسٹیڈیم ، عمر ضیا کالونی ، کورنگی،نصرت بھٹو کالونی ، ٹیسر ٹائون ، سر جانی ٹائون ، فرنٹیئر کالونی، میٹروول ، ماڈل کالونی ، ضیا موڑ اورنگی ٹائون اور میٹروول سائٹ اور بلدیہ ٹائون میں ٹارگٹڈ آپریشن اور اسنیپ چیکنگ کے دوران 28 جرائم پیشہ عناصر کو حراست میں لے لیا۔



ترجمان سندھ رینجرز نے مطابق حراست میں لیے جانے والے ملزمان میں گینگ وار اور سیاسی جماعتوں کے مختلف گروپ سے تعلق رکھنے والے ملزمان شامل ہیں،حراست میں لیے جانے والے ملزمان سے یونی بیرل راکٹ لائونچر ، گرینیڈ،دھماکاخیز مواد اور بڑی تعداد میں گولیاں برآمد کر لی گئیں۔شاہراہ فیصل پولیس نے بینک ڈکیتی میں ملوث ملزم شہاب الدین کو گرفتار کر لیاگیا،کورنگی پولیس نے ایک ملزم حسن کوگرفتار کر کے ایک ٹی ٹی پستول،چھینے ہوئے موبائل فون اورایک مسروقہ موٹرسائیکل برآمد کر لی،ویسٹ زون پولیس نے چھاپہ مار کارروائیوں میں45جرائم پیشہ عناصر کو گرفتار کر کے ان کے قبضے سے2ہینڈگرینیڈ،ایک کلاشنکوف 17پستول، ایک موبائل فون ،2موٹر سائیکلیں، واٹر ٹینکر برآمد کر لیا ۔ڈی آئی جی ویسٹ کے مطابق گرفتار ملزمان میں ایک ٹارگٹ کلر اور12اشتہاری ملزمان شامل ہیں ، ایسٹ زون پولیس نے چھاپہ مار کارروائیوں میں43 جرائم پیشہ عناصر کو گرفتار کر کے15پستول ، ایک ریوالور ،39رائونڈ4موٹر سائیکل اور منشیات برآمد کر لی گئی، گرفتار ملزمان میں ایک اشتہاری ملزم بھی شامل ہے۔