فلوریڈا نیول بیس پر سعودی فوجی کی فائرنگ، امریکن نیوی کے 3 اہلکار ہلاک

ویب ڈیسک  ہفتہ 7 دسمبر 2019
جوابی فائرنگ میں ملزم ہلاک، امریکا سعودی فوجی تربیتی پروگرام کے تحت نیول ایئربیس پر موجود تھا (فوٹو: فائل)

جوابی فائرنگ میں ملزم ہلاک، امریکا سعودی فوجی تربیتی پروگرام کے تحت نیول ایئربیس پر موجود تھا (فوٹو: فائل)

پنساکولا: امریکا میں نیول ایئربیس پر موجود سعودی ایئر فورس کے اہلکار نے فائرنگ کرکے تین امریکی اہلکاروں کو ہلاک اور 12 کو زخمی کردیا جوابی کارروائی میں حملہ آور بھی مارا گیا۔

امریکی میڈیا کے مطابق ریاست فلوریڈا کے شہر پنساکولا میں واقع نیول ایئر بیس پر موجود سعودی ایئر فورس کے اہلکار نے فائرنگ کرکے تین افراد کو ماردیا جب کہ سیکیورٹی اہلکاروں کی جوابی فائرنگ سے حملہ آور بھی مارا گیا۔

نیول حکام کے مطابق حملہ آور سعودی شہری ہے جو امریکا اور سعودی عرب کے مشترکہ فوجی ٹریننگ پروگرام کے تحت فوجی تربیت کے لیے ’نیول ایئر اسٹیشن پنساکولا‘پر موجود تھا، ملزم نے ایک کلاس روم میں اچانک فائر کھول دیا تو یہ واقعہ پیش آیا۔ فائرنگ سے 12 اہلکار زخمی بھی ہوئے جن میں ملزم پر جوابی فائرنگ کرنے والے دو ڈپٹی شیرف بھی شامل ہیں۔

اس حوالے سے فلوریڈا کے گورنر رون ڈی سینٹس نے نیوز کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ ایک غیر ملکی شہری کے اس اقدام سے کئی سوالات جنم لیتے ہیں جس کا تعلق سعودی ایئر فورس سے ہے جو فوجی تربیت کے لیے یہاں آیا ہوا تھا۔

فائرنگ کرنے والا سعودی عوام کا نمائندہ نہیں، شاہ سلمان کا صدر ٹرمپ کو فون 

صدر ٹرمپ نے اپنی ٹویٹ میں کہا ہے کہ سعودی عرب کے فرمانروا شاہ سلمان نے فون کر کے فائرنگ میں ہلاک ہونے والوں کے اہل خانہ اور دوستوں کیلیے دلی ہمدردی کا اظہار کیا ہے۔ شاہ سلمان نے امریکی فوجی مرکز میں سعودی فوجی کی فائرنگ سے 3 امریکی اہلکاروں کی ہلاکت پر دکھ کا اظہاربھی کیا اور واقعے کو سعودی فوجی کا انفرادی فعل قرار دیا۔ شاہ سلمان نے مزید کہا کہ سفاکانہ عمل میں ملوث شخص سعودی عوام کی نمائندگی کے قابل نہیں۔

یہ بھی پڑھیں: پرل ہاربر پر امریکی نیوی اہلکار کی فائرنگ سے 2 افراد ہلاک، بھارتی ایئرچیف محفوظ

 واضح رہے کہ گزشتہ تین روز کے دوران امریکن نیوی پر فائرنگ کا یہ دوسرا واقعہ ہے۔ بدھ کو پرل ہاربر پر نیوی کے اہلکار نے اچانک امریکی محکمہ دفاع کے سویلین ملازمین پر گولیاں برسا کر خودکشی کرلی تھی جب  کہ فائرنگ سے دو اہلکار مارے گئے اور ایک زخمی ہوگیا تھا۔

 

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔